زوپارک تا آرام گھر فلائی اوور برج آج سے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا
حیدرآباد : بالآخر زو پارک تا آرام گھر تعمیر شدہ فلائی اوور کاچیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں آج افتتاح عمل میں آئے گا۔ افتتاحی تقریب میں بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کے علاوہ دیگر ارکان اسمبلی موجود رہیں گے۔ گزشتہ سال دسمبر میں افتتاح کی تیاریاں مکمل ہونے کے باوجود کسی وجہہ سے اس کے افتتاح میں تاخیر ہوئی تھی۔
یہ شہر کا دوسرا سب سے بڑا فلائی اوور ہے۔ اس کی لامبائی 3.9 کلومیٹر ہے اور اسے چھ لائنوں پر مشتمل بنایا گیا ہے۔ اس منصوبہ پر ایس آر ڈی پی فنڈز سے 360 کروڑ روپے خرچ کیے گئے،جبکہ زمین کے حصول سمیت مجموعی لاگت 799 کروڑ روپے رہی۔ مجلس اتحاد المسلمین کی نمائندگی پر یہ فلائی اوور تعمیر کیا گیا ہے۔
یہ پل قابل استعمال ہونے کے بعد بنگلور نیشنل ہائی وے کے ذریعہ کم وقت میں شمش آباد ایئرپورٹ پہنچنے کا موقع فراہم کرے گا۔ طویل سفر کرنے والی گاڑیوں کے لیے ٹریفک مسائل کم ہوں گے۔ پرانے شہر کے افراد کو شمس آباد ایئرپورٹ تک پہنچنے کے لیے پہلے شہر عبور کرکے پی وی این آر پل استعمال کرنا پڑتا تھا لیکن
اس پل کے افتتاح سے انھیں راحت حاصل ہوگی اور اس مصروف ترین سڑک پر ٹریفک کے مسائل کی بھی یکسوئی ہوگی۔