چینائی (آئی اے این ایس) سینئر نیوکلیر سائنسداں ڈاکٹر راج گوپال چدمبرم مختصر علالت کے بعد 88 برس کی عمر میں ممبئی کے جسلوک ہاسپٹل میں چل بسے۔
ڈاکٹر چدمبرم نے ہندوستان کے نیوکلیر اسلحہ پروگرا م میں اہم رول ادا کیا تھا۔ وہ ہندوستان کے پہلے نیوکلیر تجربہ (1974) اور پوکھران دوم تجربہ (1998) میں سرگرم رہے۔ ان دو تجربات نے ملک کو نیوکلیر طاقت بنادیا۔
وہ کئی اہم عہدوں جیسے پرنسپل سائنٹفک اڈوائزر‘ ڈائرکٹر بھابھا اٹامک ریسرچ سنٹر اور صدرنشین اٹامک انرجی کمیشن پر فائز رہے۔ انہوں نے پریسیڈنسی کالج چینائی سے فزکس میں بی ایس سی آنرس کیا تھا۔
بعدازاں انہوں نے باوقار انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس سے 1962 میں پی ایچ ڈی کی ڈگری لی تھی۔انہیں 1975 میں پدم شری اور 1999 میں پدم وبھوشن ایوارڈ ملا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے ان کے دیہانت پر دکھ کا اظہار کیا۔