مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ گریٹر نوئیڈا کے زیرو پوائنٹ پر کسانوں کے مسائل پر منعقدہ مہاپنچایت میں بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے شرکت کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کسانوں کے مطالبات تسلیم کیے جانے تک احتجاج ختم نہیں ہوگا۔ مہاپنچایت کے دوران راکیش ٹکیت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمیشہ پولیس فورس کا استعمال کرتی ہے لیکن مسائل کا حل بات چیت سے ہوتا ہے۔ ہم جلد میٹنگ کر کے مزید حکمت عملی طے کریں گے۔ جہاں کسانوں کو روکا جا رہا ہے، وہیں سے احتجاج کریں گے۔ مہاپنچایت کے دوران یمنا اتھارٹی کے او ایس ڈی شیلندر کمار کی قیادت میں انتظامیہ کا ایک وفد بھی پہنچا۔ کسانوں اور انتظامیہ کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے تک بات چیت جاری رہی۔ اس دوران انتظامیہ نے کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔ گفت و شنید کے بعد فیصلہ ہوا کہ سات جنوری کو ایک اہم میٹنگ ہوگی جس میں کسانوں کے تمام مسائل پر تفصیل سے غور کیا جائے گا۔ راکیش ٹکیت نے کسانوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات کے لیے آخری سانس تک جدوجہد کرتے رہیں گے۔