دہرہ دون (پی ٹی آئی) اتراکھنڈ کی ساری سرکاری مشنری ریاست میں ملک میں پہلا یونیفارم سیول کوڈ(یو سی سی) لاگو کرنے کے لئے پوری قوت سے حرکت میں آگئی ہے۔
چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی نے اس کے لئے ایک ماہ کا وقت مقرر کیا ہے۔ دھامی نے یکم جنوری کو کہا تھا کہ ہم 2025 کو اتراکھنڈ کے قیام کے سلور جوبلی سال کے طورپر منارہے ہیں۔ یہ بڑی کامیابیوں کا سال ہوگا۔ ہمیں یو سی سی لانے کا وعدہ وفا کرنا ہوگا۔ ہم جنوری میں اسے لاگو کردیں گے۔
کوئی تاریخ نہیں دی گئی ہے لیکن قیاس لگایا جارہا ہے کہ یوم ِ جمہوریہ (26جنوری) کو اسے لاگو کردیا جائے گا۔ سابق چیف سکریٹری شتروگھن سنہا کی قیادت میں ماہرین کمیٹی بنائی گئی تھی جس نے یو سی سی قواعد سے متعلق اپنی رپورٹ ریاستی حکومت کو گزشتہ برس 2024میں سونپ دی تھی۔
محکمہ داخلہ کو اسے لاگو کرنے کی ذمہ داری دی گئی۔ سرکاری عہدیداروں کو یو سی سی سے واقف کرانے کے لئے اروینٹیشن سیشن منعقد ہورہے ہیں۔ ضلع‘ بلاک اور تحصیل سطح پر اسٹاف کو تربیت دی جارہی ہے کہ یو سی سی کیسے لاگو کرنا ہے۔
دون یونیورسٹی کی وائس چانسلر سریکھا ڈانگوال نے پی ٹی آئی سے کہا کہ یہ بہت بڑی مشق ہے جو قطعی مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے۔ لوگوں کو قانون کی دفعات کی جانکاری دینے کے لئے ایک پورٹل بنائی گئی ہے۔
ایک ایپ بھی بنایا جارہا ہے تاکہ لوگوں کو گھر بیٹھے اپنی شادی یا لیو اِن ریلیشن شپ کے رجسٹریشن میں آسانی ہو۔ طریقہ کار کو آسان بنایا جانا اس کا مقصد ہے تاکہ لوگوں کو سرکاری دفتروں کے چکر کانٹا نہ پڑے۔ یو سی سی کی رو سے تمام شادیاں اور لیو اِن ریلیشن شپ کا رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔
یو سی سی کئی سال سے بی جے پی کا قومی ایجنڈہ رہا ہے لیکن حکومت ِ اتراکھنڈ پہلی حکومت بن گئی جس نے اس سمت ٹھوس اقدامات کئے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے حال میں کہا تھا کہ بی جے پی زیراقتدار ہر ریاست میں یو سی سی لایا جائے گا۔