غزہ پر اسرائیلی فضائی حملہ، 50 فلسطینی جاں بحق، نتن یاہو کی پروسٹیٹ سرجری

دیرالبلح(غزہ پٹی) (اے پی) غزہ پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم ازکم 50 افراد جاں بحق ہوئے جن میں کئی بچے شامل ہیں۔ جمعرات سے جمعہ تک بمباری جاری رہی۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامن نتن یاہو کے دفتر نے بتایا کہ انہوں نے موساد انٹلیجنس ایجنسی اور فوج کے وفد کو اختیار دیا ہے کہ وہ لڑائی بندی معاملت کے لئے قطر میں بات چیت جاری رکھے۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ وفد جمعہ کے دن قطر روانہ ہوگیا۔

حماس کی طرف سے فوری کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ 15 ماہ سے جاری جنگ کے دوران امن بات چیت میں باربار خلل پڑا۔ سمندر کنارے واقع انسانی زون مواصی پر اسرائیلی حملہ ایسے وقت ہوا جب ہزاروں بے گھر فلسطینی وہاں کڑاکے کی سردی کی مار جھیل رہے ہیں۔

غزہ شہر کے بے گھر شہری زیاد ابوجبل نے کہا کہ سردی سے بچنے ہر کسی نے اپنے خیموں میں پناہ لے رکھی ہے۔ اچانک ہمیں ایسا لگا کہ ہم پر آسمان ٹوٹ پڑا۔ یہ کیوں اور کس کے لئے ہورہا ہے؟ علی الصبح حملہ میں کم ازکم 10 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 3 بچے اور حماس کے 2 سینئر پولیس عہدیدار شامل ہیں۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے ایک سینئر پولیس عہدیدار کو نشانہ بنایا جو اس کے بقول وہ انٹلیجنس جانکاری اکٹھا کرتا تھا جسے حماس کا فوجی شعبہ اسرائیلی فوج پر حملوں میں استعمال کرتا تھا۔

وسطی غزہ کے دیرالبلح میں ایک اور اسرائیلی فضائی حملہ میں کم ازکم 8 جانیں گئیں۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے فوری کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ جنوبی غزہ میں فوج نے مشرقی خان یونس میں 5 پولیس والوں کو ہلاک کردیا

اسرائیل نے دوران ِ جنگ غزہ کو باربار نشانہ بنایا ہے۔ جمعرات کے دن نتن یاہو کو دواخانہ سے ڈسچارج کردیا گیا۔ اتوار کو ان کی پروسٹیٹ سرجری ہوئی تھی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ روبہ صحت ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *