حیدرآباد: رکن قانون ساز کونسل بی آرایس کلواکنٹلہ کویتا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر شدید تنقید کی اور چیف منسٹر پر مخالف کسان پالیسیوں پر عمل پیرا ہونے اور کسان برادری کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا۔
وہ بودھن کے بی آرایس پارٹی قائدین اور کارکنوں سے اپنی رہائش گاہ پرمنعقدہ اجلاس سے پرجوش خطاب کررہی تھیں۔
کے کویتا نے کانگریس حکومت کی طرف سے رعیتو بھروسہ اسکیم کےلئے شرائط عائد کرنے کی شدید مذمت کی اور اسے کسانوں کے ساتھ صریح ناانصافی سے تعبیر کیا۔
انہوں نے کہاکہ کسان سارے ملک کو غذائی اجناس کی سربراہی کےلئے سخت محنت اور مشقت کرتے ہیں۔
کسان برادری کے ساتھ کانگریس حکومت کی دھوکہ دہی قابل مذمت ہے۔
کے کویتا نے استفسار کیاکہ ملک کی ریڑھ کی ہڈی کے مماثل کسانوں کو اپنے جائز مطالبات کےلئے آج کیوں بھیک مانگنے پر مجبور کیاجارہاہے۔
انہوں نے دفتر شاہی کی رکاوٹوں سے پاک رعیتو بھروسہ فنڈس کی غیر مشروط تقسیم کا مطالبہ کیا۔
کویتا نے سوال کیاکہ کسانوں کو ان فوائد تک رسائی کےلئے اور کتنی درخواستیں جمع کرانی ہوں گی جبکہ ان سے وعدہ کیاگیاہے۔
انہوں نے کانگریس حکومت کے رویہ کو ظالمانہ اور ذلت آمیز قراردیا۔سابق رکن پارلیمان نظام آبادنے کانگریس پر الزام عائد کیاکہ وہ اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں بالکلیہ طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
خصوصیت کے ساتھ خواتین کو ماہانہ مالی امداد اور لڑکیوں کو اسکوٹی بھی فراہم نہیں کی گئی ہے۔
انہوں نے پرزورانداز میں کہاکہ حکمرانی کے صرف اندرون ایک سال کانگریس کو اہم وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کے باعث بڑے پیمانے پر مخالف عوامی لہر کا سامناہے۔
سربراہ بی آرایس کے چندر شیکھر راﺅ کی دختر ورکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے انتباہ دیاکہ کانگریس حکومت کو مخالف کسان موقف کے باعث آئندہ بلدی انتخابات میں سنگین عواقب ونتائج کا سامنا کرناپڑے گا۔
انہوں نے پارٹی کارکنان پرزوردیاکہ وہ فیصلہ کن کامیابی کےلئے ابھی سے ہی تیاریوں کا آغاز کریں۔
کانگریس نے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے اور بی آرایس کا پرچم بہرصورت بلند ہو گا۔
کسانوں میں بڑھتی ہوئی اضطرابی کیفیت اور عوامی عدم اطمینان کے باعث کے کویتا نے ریمارک کیاکہ ایسے حالات ایک شدید سیاسی جنگ کے آغاز کا عندیہ دیتے ہیں کیونکہ بی آرایس نے خود کو کسانوں کے حقوق اور دیہی فلاح وبہبود کے چمپئن کے طور پر کھڑا کیاہے۔