مہاراشٹرا اور تلنگانہ کی سرحد پر دہشت پھیلانے والا شیر پکڑا گیا 

مہاراشٹرا اور تلنگانہ کی سرحد پر دہشت پھیلانے والا شیر پکڑا گیا

حیدرآباد ۔ مہاراشٹرا کے چندر پور ضلع کے اتھمارم گوڑا گاؤں میں ایک ہفتہ سے جاری آپریشن کے دوران وہ خوفناک شیر آخرکار پکڑا گیا جس نے مہاراشٹرا اور تلنگانہ کی سرحد پر دہشت مچا رکھی تھی۔ شیر کو ایک پنجرے میں قید کرنے کے بعد بے ہوشی کا انجکشن دیا گیا اور اسے چندر پور کے زو منتقل کر دیا گیا۔ شیر کی مناسب دیکھ بھال کے بعد اسے تاڈوبا آندھاری ٹائیگر ریزرو میں چھوڑنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

 

 

شیر کو پکڑنے کے لیے ایک ہفتہ تک جاری رہنے والا آپریشن مقامی افراد کے لیے سکون کا باعث بنا۔ یہ خوفناک درندہ مہاراشٹرا کے چندر پور ضلع کے راجورا تعلقہ کے کئی دیہاتوں اور تلنگانہ کے آصف آباد ضلع کے سرپور (ٹی) منڈل میں مقیم افراد کے لیےخوف کا باعث بنا ہوا تھا۔

 

ذرائع کے مطابق یہ شیر اکثر سردیوں کے موسم میں مہاراشٹرا سے تلنگانہ کی سرحدی جنگلات میں آتا اور کھیتوں اور دیہی علاقوں میں انسانوں پر حملہ کر دیتا ہے۔ 29 نومبر 2023 کو  کاغذ نگر منڈل کے ایسگاؤں گاؤں میں شیر نے 21 سالہ خاتون ایم لکشمی پر حملہ کرکے اسے ہلاک کر دیا۔ 30 نومبر 2023 سرپور (ٹی) منڈل کے ڈباگوڑم گاؤں میں ایک کسان پر حملہ کیا گیا۔

 

 

تلنگانہ کے محکمہ جنگلات کے حکام نے شیر کے پکڑے جانے کی مکمل تصدیق نہیں کی ہے۔ البتہ یہ بات واضح ہے کہ مہاراشٹرا اور تلنگانہ کی سرحدی جنگلات ان شیروں کی موجودگی کی وجہ سے خطرناک بنتے جا رہے ہیں جو اکثر انسانوں اور ان کے کھیتوں پر حملہ کرتے ہیں۔

 

 

شیر کو جلد از جلد علاج کے بعد تاڈوبا آندھاری ٹائیگر ریزرو میں واپس چھوڑا جائے گا تاکہ وہ اپنے قدرتی ماحول میں لوٹ سکے۔ اس کامیاب آپریشن نے مقامی افراد کیلئے راحت کی خبر ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *