نئی دہلی ۔ ریاست راجستھان میں 10 دن قبل بورویل کیلئے کھودے گئے گڑھے میں گرنے والی تین سالہ لڑکی کو امدادی ٹیموں نے باہر نکالنے میں بالآخر کامیابی حاصل کی لیکن اسکی جان نہیں بچ سکی۔ امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سخت محنت کے بعد بچی کو باہر نکالا اور اسے فوراً قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تین سالہ چیتنا، جو کوٹھ پتلی ضلع کے گاؤں کیرات پور کی رہنے والی ہے، 23 تاریخ کو اپنے باپ کے ساتھ کھیت گئی تھی۔ وہاں کھیلنے کے دوران لڑکی حادثاتی طور پر بورویل کے گڑھے میں گر گئی۔ واقعہ کے فوراً بعد گھر والوں نے حکام کو اطلاع دی۔
NDRF اور SDRF ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 170 فٹ گہرائی میں پھنسی چیتنا کو بچانے کی کوشش کی۔ ابتدا میں ہُک اپ تکنیک کا استعمال کیا گیا لیکن جب یہ ناکام ہوئی تو بورویل کے متوازی ایک سرنگ کھودی گئی۔ بورویل کے متوازی 170 فٹ کی سرنگ کھودی گئی لیکن راستے میں ایک بڑی چٹان رکاوٹ بن گئی جسے ہٹانے کے بعد بچی کو آج شام نکالا گیا لیکن اس کی موت ہوگئی۔