حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) ریاستی وزیر آبپاشی و سیول سپلائز این اتم کمار ریڈی نے آج حضور نگر سب جیل میں زیر دریافت قیدیوں اور گھر سے دور طلبا کے ساتھ نیا سال منایا۔
انہوں نے جوش و جذبہ کے ساتھ قیدیوں کو نئے سال کی مبارکباد دی اور زیر دریافت قیدیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ اور ان کی حوصلہ افزائی کی اور بہتر مستقبل کیلئے ہمدردانہ جذبات کا اظہار کیا۔ اپنے دورہ کے دوران اتم کمار ریڈی نے زیر دریافت قیدیوں کے ہمراہ ناشتہ بھی کیا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کی شکایات سے متعلقہ حکام کو توجہ دلائیں گے۔
قیدیوں کی جانب سے انہیں ایک ٹیلی ویژن سٹ فراہم کرنے کی درخواست پر اتم کما ریڈی نے ذاتی طور پر ایک ٹی وی بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ قیدیوں کے ہمدردانہ انداز نے ریاستی وزیر کو بہت متاثر کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر نے توقع ظاہر کی ہے کہ نیا سال2025 ریاست کی ترقی وخوشحالی اور ساتھی قیدیوں کی سزا میں تخفیف کی راہ ہموار کرے گا۔
بعدازاں اتم کمار ریڈی نے رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی کے ہمراہ کوداڑ میں اقلیتی ریسیڈنشیل اسکول اور گرلز جونیر کالج کا دورہ کیا اور طلبہ کے ساتھ کھانا کھایا اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی اور ان کے ساتھ کچھ وقت بھی گزارا اور گھر سے دور رہتے ہوئے تعلیم حاصل کرنے والے طالبات کی ستائش کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں اتم کمار ریڈی نے اقلیتوں بالخصوص لڑکیوں کی فلاح وبہبود اور تعلیم سے متعلق حکومت کے عزائم کو اجاگر کیا اور کہا کہ ایسے ادارے سماج کو بااختیار بنانے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے طلباء کو اپنے مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے طالبات کو تیقن دیا کہ انہیں مسابقتی امتحانات کی تیاری کیلئے اضافی کتابوں کی فراہمی، پینے کے پانی کی سہولت میں ضافہ کرنے کیلئے واٹر پلانٹ کی تنصیب اور ڈیجیٹل کلاس روم کو متعارف کرنے کیلئے ترجیحی بنیاد پر اقدامات کئے جائیں گے۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے نئے سال کی شام کو پر مسرت انداز میں گزار نے کیلئے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اپنے محاسبہ کا وقت ہے۔
مشکل حالات میں ان لوگوں تک پہونچنا چاہئے وہ قیدی ہوں یا طالب علم ہوں اپنے ارکان خاندان سے علیحدہ رہ کر زندگی گزار رہے ہیں ہمیں انہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔ اسی جذبہ کے تحت میں نے آج سب جیل اور ریسیڈنشیل اسکول کا دورہ کرتے ہوئے قیدیوں اور طالبات سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں نئے سال کی مبارکباد پیش کی ہے۔