نیا سال، نئی امیدیں،نئے عزائم اور نئے منصوبے

حیدرآباد: شدید سردی کے باوجود دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی میں شاندار پیمانہ پر نئے سال کی تقاریب منائی گئیں۔

جیسے ہی گھڑی کی سوئی نے 12بجنے کا اشارہ کیا، ہر عمر کے افراد نے ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد گرمجوشانہ انداز میں پیش کی۔

نئے سال کے موقع پر تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سمیت اے پی کے اہم مقامات وجئے واڑہ، وشاکھاپٹنم اور دیگر مقامات پر نئے سال کی تقاریب جوش وخروش کے ساتھ منائی گئیں۔

اس موقع پر کلبس، پبس اور دیگر مقامات پر کیک کاٹے گئے اور رقص وسرور کی محفلوں کا اہتمام کیاگیا۔

نئے سال کی تقاریب اور پارٹیوں میں کسی بھی قسم کی غیر اخلاقی حرکتوں،منشیات کے استعمال اور خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ، دست درازی اور دیگر واقعات کو روکنے کیلئے پولیس چوکس دیکھی گئی۔

ساتھ ہی نئے سال کے جشن کے موقع پر حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کو پکڑنے کیلئے بھی پولیس کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے گئے تھے۔

سڑکوں پر نوجوانوں کی جانب سے گاڑیوں بالخصوص ٹو وہیلرس پر گھومتے ہوئے ہارن بجانے، کرتب بازی کے مظاہروں کو روکنے کیلئے بھی مناسب اقدامات کئے گئے تھے۔

عوام نے پرانے سال کو الوداع کیا اور نئے سال کی آمد کااستقبال کرتے ہوئے نئے سال میں نئے عزائم اور نئے منصوبے تیار کئے۔

پھولوں کے ساتھ نئے سال کی مبارکباد دینے کی روایت بھی برقرار رہی کیونکہ کئی پھولوں کی دکانات پر لوگوں کا ہجوم دیکھا گیا۔

کئی افراد نے اپنے دوستوں کے ساتھ پینٹ ہوز س،گھروں کی چھتوں اور دیگر مقامات پر جشن منایا اور 12بجتے ہی پٹاخے چھوڑے گئے اور اس بات کا یقین ظاہر کیا گیا کہ نیا سال ان کی زندگیوں میں خوشی وانبساط کے ساتھ ساتھ نئی امیدوں کو جگائے گا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *