تلنگانہ میں نیا آر او آر ”بھوبھارتی“ جلد نافذ العمل ہوگا: چیف منسٹر

حیدرآباد: چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں محکمہ ریونیو کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے نیا آر او آر (ریکارڈ آف رائٹس) ایکٹ، جسے ’بھو بھارتی‘کا نام دیا گیا ہے، جلد ہی نافذ العمل ہوگا۔ تلنگانہ تحصیلدار اسوسی ایشن اور تلنگانہ ریونیو سرویسس اسوسی ایشن کی سالانہ ڈائریوں کی اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے،چیف منسٹر نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد زمینی تنازعات کو حل کرنا اور ریونیو انتظامیہ کی کاررکردگی میں شفافیت کو برقرار رکھنا ہے۔

دھرانی پورٹل کی خامیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، ریونت ریڈی نے کہا کہ بھو بھارتی کسانوں اور عوام کو تیز، موثر خدمات فراہم کرنے اور پہلے کے نظام سے پیدا ہونے والے مسائل کو حل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”نیا قانون اس بات کو یقینی بنائے گا کہ زمینی مسائل کو ضلعی سطح پر حل کیا جائے اور خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنانے کے لئیے اختیارات کو مختلف سطح پر تقسیم کیاجائے گا”۔

 چیف منسٹر نے ریونیو افسران کو نئے نظام کے تحت ان کے اضافی اختیارات اور ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی۔ انہوں نے ان عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ نئے قانون کو مؤثر طریقہ سے نافذ کریں، جس میں تمام دیہاتوں میں ریونیو افسر کی تقرری کی دفعات شامل ہیں۔

 اس اقدام کا مقصد ریونیو خدمات کو فیلڈ سطح پر قابل رسائی بنانا ہے جو فوری ریلیف فراہم کرتے ہیں۔ تلنگانہ ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیرمین وی لاچی ریڈی نے انتخابات کے دوران تحصیلداروں کے تبادلہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگوں کو ان کے آبائی اضلاع میں دوبارہ تفویض نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔

اس شکایت کا مثبت جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے یقین دلایا کہ تبادلوں کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ اس تقریب میں اہم عہدیداروں بشمول ڈپٹی کلکٹرس اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری کے رام کرشنا، تلنگانہ تحصیلدار اسوسی ایشن کے نمائندے ایس رامولو اور رمیش اور تلنگانہ ریونیو سرویسس اسوسی ایشن کے صدر بنالا رام ریڈی نے شرکت کی۔

 چیف منسٹر نے ریونیو ایڈمنسٹریشن میں شفافیت کو بڑھانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پورری امید ہے کہ تلنگانہ کے اراضی سے متعلق مسائل کو نئے فریم ورک کے تحت فوری طور پر حل کیا جائے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *