ملک کے معاشی بحران کو سدھارنے میں ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ بطور وزیرِاعظم اپنے 10 سالہ دور میں ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم فیصلے کیے۔ ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
کھمم کی مشہور شخصیت، ماہر تعلیم اور مسلم حقوق احتجاجی سمیتی کے صدر، محمد اسعد نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کا انتقال ملک کے لیے ایک عظیم نقصان ہے۔ محمد اسعد نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نرسمہا راؤ کے دورِ حکومت میں وزیر خزانہ تھے، جب ملک شدید مالی بحران کا شکار تھا۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ، جو ایک ماہرِ معاشیات تھے، نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کو مالی بحران سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
بطور وزیرِاعظم، ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ملک کی ترقی، خوشحالی اور غریب عوام کی فلاح کے لیے بہترین اسکیمیں متعارف کروائیں، جنہوں نے ملک کے نچلے طبقے کو بڑی راحت پہنچائی۔ وہ منکسر المزاج اور انکساری کے حامل رہنما تھے، جو ہمیشہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے فکر مند رہتے تھے۔
نوبیل انعام یافتہ ماہرِ معاشیات امریتیا کمار سین نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے ایک بہترین ماہرِ معاشیات اور قابل رہنما تھے۔ محمد اسعد نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی خدمات کے اعتراف میں انہیں فوراً بھارت رتن سے نوازا جائے۔
ملک نے ایک عظیم رہنما اور قائد کو کھو دیا ہے، اور عوام انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔