حیدرآباد: جو نوجوان آپ تصویر میں دیکھ رہے ہیں وہ زمین پر پڑا ہوا ہے، اس کے ارد گرد شراب کی بوتلیں اور بکھرے ہوئے پیسے نظر آ رہے ہیں، شاید آپ سوچ رہے ہوں گے کہ یہاں کوئی جھگڑا ہوا ہوگا لیکن اصل کہانی کچھ اور ہے۔
یہ واقعہ ریاست تلنگانہ کے ضلع میدک کے نارسنگی علاقہ میں پیش آیا۔ اتوار کی آدھی رات کو ایک چور شراب کی دکان کی چھت کے ذریعہ اندر داخل ہوا اس نے دکان سے نقدی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی ہارڈ ڈسک کا سرقہ کرلیا۔ یہاں تک تو سب کچھ ٹھیک تھا لیکن یہ چور اس وقت مشکل میں گھر گیا جب وہ شراب نوشی کی عادت پر شراب دیکھ کر قابو نہیں رکھ سکا۔ اس نے وہاں رکھی بوتلوں سے اتنی شراب پی لی کہ اس پر غشی طاری ہوگئی اور وہ وہیں سوگیا۔
پیر کی صبح جب دکان کا مالک آیا اور دکان کھولی تو اس نے چور کو اندر بے ہوش پایا۔ مالک نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے چور کو 108 ایمبولینس کے ذریعے رامائم پیٹ کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا۔ اس کے خلاف کیس درج کر لیا گیا ہے لیکن وہ کئی گھنٹوں تک بے ہوش تھا جس کی وجہہ سے فوری طرپر اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔