ریاض ۔ کے این واصف
حرم مکی میں زائرین کے لئے لاکرس کی تعداد میں اضافہ ناگزیر تھا جو اب پورا ہواہے۔ ادارہ امور حرمین شریفین کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین کی سہولت کےلیے مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں سامان رکھنے کےلیے مفت لاکرز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق مسجد الحرام کے مشرقی بیرونی صحن جو کہ الشبیکہ گیٹ نمبر 64 کے سامنے ہے وہاں لاکرز فراہم کیے گئے ہیں۔لاکرس سے استفادہ کےلیے انتظامیہ نے ضوابط جاری کیے ہیں جن کے لیے لازمی ہے کہ نسک پورٹل کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کیا گیا ہو۔
لاکرس کی سہولت حاصل کرنے کےلیے عمرہ پرمٹ اہلکاروں کو دکھانا ہوگا۔لاکرس میں ممنوعہ، خطرناک یا قیمتی اشیا نہ رکھی جائیں زیادہ سے زیادہ 4 گھنٹے کے لیے لاکر الاٹ کیا جائے گا۔سامان بیگ میں رکھا ہونا چاہئے شاپرز میں رکھا گیا سامان قابل قبول نہیں ہوگا۔ کھانے پینے کی اشیا لاکر میں نہ رکھی جائیں۔ سامان کا وزن 7 کلو گرام سے زائد نہ ہو۔