حیدرآباد میں سردی بارش اور کہر 

حیدرآباد 26 دسمبر/ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں جمعرات کو مسلسل دوسرے دن موسم ابر آلود رہا، سردی کی شدت میں اضافہ ہوا اور مختلف علاقوں میں ہلکی بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔

 

تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق حیدرآباد میں اقل ترین درجہ حرارت 19 سے 20 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ اضلاع میں سب سے زیادہ بارش سدی پیٹ میں ہوئی جہاں 3.3 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ حیدرآباد کے کئی علاقوں جن میں حیات نگر، ماریڈپلی، اپل، مولا علی، کاپرا، شیخ پیٹ، قطب اللہ پور، ملکاجگری، بالا نگر اور مشیرآباد شامل ہیں1 سے 2.5 ملی میٹر کے درمیان بارش ریکارڈ کی گئی۔

 

شہر کے مضافاتی علاقوں اور ریاست کے بعض علاقوں میں صبح اور شام کے وقت کہر اور دھند کی وجہ سے گاڑی سواروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ دھند کی شدت کے سبب عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔بارش اور سرد ہواؤں نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ بازاروں میں سوئٹرس، گرم جیکٹس، مفلر اور دیگر گرم اشیاء کی مانگ میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

 

ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں تک موسم اسی طرح ابر آلود سرد رہ سکتا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں مزید بارش کے امکانات بھی ہیں۔ شہریوں کو موسمی حالات کے مطابق احتیاطی تدابیر اپنانے کی تاکید کی گئی ہے۔

 

سرد موسم کے ساتھ حیدرآباد کی فضاء ایک منفرد دلکشی کا منظر پیش کر رہی ہے، مگر شہریوں کو محتاط رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کی تاکید کی جا رہی ہے تاکہ موسم کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *