دہلی-این سی آر میں پیر کی صبح کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ اس سے ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ بارش کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سیلسیس تک کی گراوٹ ہو سکتی ہے۔ وہیں منگل سے کم سے کم درجہ حرارت بھی 1 سے 2 ڈگری سیلسیس تک کم ہو سکتا ہے۔ جس سے پورے ہفتہ شدید ٹھنڈ پڑنے کے آثار ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا تھا کہ پیر کو آسمان میں جزوی طور پر بادل چھائے رہیں گے۔ صبح میں اسماگ کے ساتھ ساتھ ہلکے سے درمیانی سطح کا کہرا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی کے کئی علاقوں میں صبح کے وقت بہت ہلکی بارش سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 26 دسمبر کی رات ایک اور ویسٹرن ڈسٹربینس فعال ہوگا۔ اس وجہ سے جمعرات کی دیر رات دہلی کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ جمعہ اور ہفتہ کو بھی ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔