[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل خانے کی جانب سے قدیم ایرانی تہوار “شب یلدا” کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی خواتین کے درمیان کھانا پکانے کے مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں سندھ کے گورنر محمد کامران خان ٹیسوری، عراق، سری لنکا، افغانستان، ملائیشیا، اور متحدہ عرب امارات کے سفارت کاروں اور مختلف سیاسی و ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔
“ایران اور پاکستان کی تمدنی عظمت” کے عنوان سے منعقد ہونے والی تقریب کے دوران ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا اور شب یلدا کو خاندان کے افراد کو قریب لانے والا ایک اہم ثقافتی عنصر قرار دیا۔
اس موقع پر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کو “مقامِ ماں اور عورت” کے دن کے طور پر منانے کا ذکر بھی کیا گیا اور ان کی شخصیت کو مسلمان خواتین کے لیے ایک مثالی نمونہ قرار دیا گیا۔
تقریب کے دیگر مقررین نے بھی دونوں ممالک کے مشترکہ ثقافتی روابط اور ہم آہنگی پر زور دیا۔
اس موقع پر تقریباً 100 پاکستانی خواتین نے کھانے، میٹھے اور کیک بنانے کے مقابلے میں حصہ لیا، جس نے تقریب کو مزید دلچسپ بنایا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کی میزبانی میں شب یلدا کی قدیم روایت پر مبنی ایک دوستانہ تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف ممالک کے سفیروں اور سفارتی شخصیات نے شرکت کی۔