[]
نئی دہلی: کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی وڈرا نے آج اپنے بھائی اور پارٹی قائد راہول گاندھی کے خلاف بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کو ڈھکیل دینے کے الزامات کو ”مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی کھال کو بچانے کی سازش“ قراردیا۔ انہوں نے حکمراں جماعت کے ایم پیز پر غنڈہ گردی میں ملوث ہونے کا بھی الزام عائد کیا تاکہ پرامن احتجاج کررہے اپوزیشن ارکان کو پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے روکا جاسکے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ راہول گاندھی نے جن کے ہاتھ میں بی آر امبیڈکر کی تصویر تھی اور وہ جئے بھیم کے نعرے لگاتے ہوئے پرامن انداز میں پارلیمنٹ کے اندر جارہے تھے لیکن انہیں ایسا کرنے سے روک دیا گیا۔ انہوں نے احاطہ پارلیمنٹ میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم کئی دن سے احتجاج کررہے ہیں اور ہمیشہ آزادانہ طورپر اندر جانے کی جگہ ہوتی ہے۔
پرامن احتجاج روزانہ 10:30 تا 11:00 بجے دن ہورہا تھا۔ آج پہلی مرتبہ انہوں (بی جے پی ایم پیز) نے احتجاج کیا اور ہر ایک کو روک دیا۔ بعدازاں انہوں نے دھکم پیل اور غنڈہ گردی شروع کردی۔
اب انہوں نے امیت شاہ کو بچانے یہ سازش شروع کی ہے کہ ”بھیا“ نے کسی کو ڈھکیل دیا ہے۔ میری آنکھوں کے سامنے کھرگے جی کو ڈھکیلا گیا اور وہ زمین پر گرپڑے۔ پھر انہوں نے سی پی آئی ایم کے رکن کو ڈھکیلا جو کھرگے جی پر گرپڑے۔