[]
حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے کئی مقامات پر سردی کی شدید لہر برقرار ہے اور گریٹر حیدرآباد کے بشمول چنداضلاع میں اقل ترین درجہ حرارت میں تیزی کے ساتھ کمی آئی ہے۔ اوسطاً کم سے کم درجہ حرارت 11.2ڈگری سلسیس درج کیا گیا ہے جو معمول سے 5.5ڈگری سلسیس نیچے ہے۔
تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق ریاست کے 33 کے منجملہ 27اضلاع میں اقل ترین درجہ حرارت 10 ڈگری سے کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عادل آباد سرد ضلع رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت اوسطاً 7.9ڈگری سلسیس رہا جو معمول سے 6.7ڈگری سلسیس کم ہے۔
ضلع عادل آباد کا بھیم پور علاقہ ریاست کا سرد ترین مقام رہا ہے جہاں اقل ترین درجہ حرارت 6ڈگری سلسیس درج کیا گیا جبکہ اسی ضلع کے بیلہ کے مقام پر کم سے کم درجہ حرارت 6.3 ڈگری سلسیس رہا۔ ضلع سنگاریڈی میں ظہیر آباد اور ضلع وقارآباد میں بنٹارام میں اقل ترین درجہ حرارت بالترتیب 6.6 اور 6.7 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
حیدرآباد کے نواحی ضلع رنگاریڈی کے ابراہیم پٹنم اور ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے سرپور میں کم سے کم درجہ حرارت 6.7 ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔ تلنگانہ کے دیگر اضلاع سدی پیٹ، کاماریڈی، نرمل، میدک، میڑچل ملکاجگری، جگتیال، سرسلہ، نظام آباد، منچریال، ہنمکنڈہ، ملگ، ورنگل، پداپلی، جئے شنکر بھوپال پلی، محبوب نگر، یدادری بھونگیر، نارائن پیٹ، کریم نگر، ناگر کرنول، حیدرآباد، جنگاؤں اور محبوب آباد میں اقل ترین درجہ حرارت 10ڈگری سلسیس سے کم درج کیا گیا۔
گریٹر حیدرآباد کے کئی مقامات شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ مولا علی اور ایچ سی یو میں درجہ حرارت 7.1اور راجندر نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 8.2ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ گچی باؤلی میں بھی موسم شدید سرد رہا جہاں درجہ حرارت 9.3 ڈگری سلسیس رہا جبکہ ماریڈپلی میں اقل ترین درجہ حرارت 9.9ریکارڈ کیا گیا۔
شہر کے کئی علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت 10سے 14 ڈگری سلیس کے درمیان رہا۔ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق ضلع حیدرآباد میں مجموعی طور پر کم سے کم درجہ حرارت 14.9ڈگری رہا جو معمول کے درجہ حرارت سے 4 ڈگری کم ہے۔ سردی سے متاثر اضلاع میں شام سے ہی سڑکیں سنسان دکھائی دے رہی ہیں۔
صبح کے اوقات میں بھی سڑکوں پر ٹرافک بہت کمدیکھی گئی۔ صبح سے 9 تا 10 بجے دن تک لوگ گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ اسکول جانے والے بچوں اور کام پر جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی مقامات پر سردی سے بچنے کے لئے عوام کو آگ تاپتے ہوئے دیکھا گیا۔
محکمہ صحت نے پہلے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ اقل ترین درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیش قیاسی کے بعد محکمہ صحت کے عہدیداروں نے انتباہ دیا کہ شدید سردی سے ہوائی نالی میں انفیکشن اور موسمی فلو بڑے پیمانے پر پھیل سکتا ہے۔