مشہور و معروف فلمساز شیام بینیگل چل بسے

ممبئی ۔ مشہور و معروف فلمساز شیام بینیگل 90 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی بیٹی پیا بینیگل نے پیر کی شام اپنے والد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ شیام بینیگل گردوں کے مسائل کے باعث زیرِ علاج تھے اور ایک مقامی ہاسپٹل میں زیر علاج تھے جہاں انہوں نے اپنی آخری سانسیں لیں۔

 

شیام بینیگل کا شمار ہندوستان کے بڑے اور منفرد ہدایت کاروں میں ہوتا تھا۔ انہیں ملک میں 1950 کی دہائی میں شروع ہونے والی متوازی سنیما کی تحریک کے اہم ترین ہدایت کاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کی بنائی گئی فلموں میں “بھومیکا”، “جنون”، “اروہن”، “نیتاجی سبھاش چندر بوس”، “منتھن”، “انکور”، “زبیدہ” اور “ویل ڈن ابا” شامل ہیں۔ انہوں نے 2023 میں بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی زندگی پر بننے والی فلم “مجیب: دی میکنگ آف اے نیشن” کی ہدایات بھی دی تھیں، جو بطور ہدایت کار ان کی آخری فلم تھی۔

 

شیام بینیگل نے متعدد نیشنل ایوارڈز حاصل کیے۔ انہیں 2005 میں ہندوستان میں فلم سازی کے لئے اعلیٰ ترین اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔اس کے علاوہ انہیں 1976 میں ملک کا اعلیٰ سیول اعزاز پدما شری اور 1991 میں پدما بھوشن ایوارڈ بھی دیا گیا۔ان کی وفات ہندوستانی سنیما کے لیے ایک بڑا نقصان ہے اور ان کی فلمیں اور کام ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *