[]
سیول: جنوبی کوریا کی حکمراں پیپلز پاور پارٹی (پی پی پی) کے رہنما ہان ڈونگ ہون نے پیر کے روز پارٹی چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
قبل ازیں، ہان ڈونگ نے صدر جمہوریہ کے مواخذے کی حمایت کا اظہار کیا تھا، حالانکہ وہ ابتداء میں اس کے خلاف تھے اور انہوں نے ان کے استعفیٰ کی وکالت کرتے ہوئے، اپنی پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ سے ان کے اپنے “عزائم” کی بنیاد پر ووٹ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
اگرچہ پارٹی کا اندرونی فیصلہ مواخذے کے خلاف ووٹ دینے کا تھا، بالآخر پی پی پی کے 12 قانون سازوں نے ان کے مطالبے پر عمل کیا اور ووٹ دیا۔
خبر رساں ایجنسی نے مسٹر ہان ڈونگ کے حوالے سے کہا کہ”میں پیپلز پاور پارٹی کے رہنما کے طور پر استعفی دے رہا ہوں۔ پارٹی کی سپریم کونسل ختم ہونے کے سبب پارٹی سربراہ کی حیثیت سے میری ذمہ داریاں نبھانا ناممکن ہو گیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے مواخذے کے بجائے ملک کے لیے بہتر راستہ تلاش کرنے کی تمام کوششیں کیں لیکن ناکام رہے۔
مسٹر ہان ڈونگ کا استعفیٰ 23 جولائی کو پارٹی کانگریس میں پارٹی کے چیئرمین کے طور پر منتخب ہونے کے 146 دن بعد آیا ہے۔
پارلیمنٹ کی جانب سے صدر جمہوریہ یون سک یول کے مواخذے کی منظوری کے فوراً بعد ہان ڈونگ نے چیئرمین کے طور پر کام جاری رکھنے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا تھا۔
تاہم، پارٹی کی سپریم کونسل کے منتخب اراکین میں سے پانچ نے استعفیٰ دے دیا، جس کے نتیجے میں پارٹی قیادت خود بخود تحلیل ہو گئی۔