[]
حیدرآباد، 15 ڈسمبر۔ پریس ریلیز۔ ایمان اور عزم کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے، ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ایک ہزار سے زآئد طلباء نے آج تاریخی مکہ مسجد میں نماز فجر ادا کی۔ طلباء کو40 روزہ پروگرام، مشن فجر کے سلسلہ میں مکہ مسجد میں اپنے والدین کے ساتھ نماز فجر ادا کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔ اس طرح دو ہزار سے زآئد افراد اس موقع پر نماز فجر میں شامل تھے۔
ایم ایس میں تین سال پہلے مشن فجر کی شروعات کی گئی تھی۔ مشن فجر کا مقصد یہ ہے کہ طلباء میں عمر بھر نماز پڑھنے کی عادت قائم کرنے کے ساتھ ہی ساتھ انہیں جلد سونے اور جلد اٹھنے کے فوائد سے واقف کروایا جائے۔ اس تعلیمی سال ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی میں 11نومبر 2024 سے شروع ہونے والا مشن فجر طلباء کو دعوت دیتا ہے کہ وہ ہر روز جلدی اٹھیں، نہ صرف اپنی فجر کی نماز ادا کریں بلکہ ایمان، عقیدت اور نظم و ضبط سے جڑے طرز زندگی کو بھی اپنائیں۔ مشن فجر میں نماز ادا کرنے کی اہمیت سے واقفیت اور اس کے ذریعہ اللہ تبارک تعالٰی سے بے شمار فضائل و برکات حاصل کرنے پر بھی زور دیا جاتا ہے۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے مشن فجر 2024 کے سلسلہ میں آج طلباء کو مکہ مسجد میں نماز فجر کی دعوت دی گئی ۔ اس موقع پر نماز کی امامت مسجد کے امام مولانا لطیف احمد صاحب نے کی۔ نماز کے بعد مولانا لطیف نے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی کو 40 روزہ مشن فجر کو سراہتے ہوئے اس سلسلہ میں طلباء کی حوصلہ افزائی کرنے پر مبارکباد دی۔ فجر کی نماز پڑھنے والا اللہ پاک کے ذمے ہوتا ہے۔انہوں نے حدیث کی روشنی میں نماز فجر کی اہمیت سے واقف کروایا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ مشن فجرکا اقدام طلباء کو فجر کے لیے جلدی بیدار ہونے اور نماز فجر سے زندگی بھر وابستگی میں مدد کرے گی ۔
مکہ مسجد میں نماز فجر کی ادائیگی کےاس موقع پر طلباء کا جوش قابل دید تھا۔ انہوں نے مشن فجر کے اپنے چالیس روزہ دور کو نہایت ہی اطمینان بخش قرار دیا۔ خاص طور پر روزانہ جلد سونے اور پھر فجر کی نماز کے لئے جلد بیدار کر نماز کی ادائیگی کے تجربہ کو خوبصورت قرار دیا۔ اس موقع پر طلباء کے ساتھ آئے والدین نے اپنے بچوں کی لگن پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرد موسم کے باوجود طلباء نے وقت سے پہلے بیدار ہو کر جوش و خروش سے تیاری کی۔ چند والدین نے کہا کہ انہوں نے اپنے بچوں کے ساتھ مکہ مسجد میں نماز فجر میں حصہ لینے کے لیے 30 کلومیٹر تک کا سفر طے کیا ہے۔اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائریکٹرز انوار احمد اور ڈاکٹر معظم حسین، جونئرڈائریکٹرز محمد اویس خان اور محمد الیاس خان کے ساتھ طلباء اور ان کے والدین کی حوصلہ افزائی اور استقبال کے لیے موجود تھے۔
نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ڈاکٹر معظم حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مشن فجر کا یہ اقدام ہر سال مضبوط ہوتا جا رہا ہے، اورآج ہمارے طلباء کی لگن کو دیکھ کر خوشی ہوئی ۔ صبح سویرے اور طویل فاصلہ جیسے چیلنجوں کے باوجود بھی ان کا جوش و جذبہ واقعی متاثر کن ہے۔مکہ مسجد میں نماز فجر کے لئے جمع طلباء کے بڑے پیمانہ پر اجتماع دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا یہ مشن نماز فجر کی اہمیت کی طرف طلباء، والدین اور معاشرہ کو متحرک کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ اس موقع پر جناب انور احمد نے کہاکہ مشن فجر متعارف کروانے کا مقصد نماز کے ساتھ ہی ساتھ طلباء میں نظم و ضبط، عقیدت، اور اللہ تعالٰی سے گہرا تعلق پیدا کیا جائے۔ ہمارے اس اقدام پر ہمیں اپنے طلباء اور ان کے اولیاء کے جانب سے زبردست ردعمل حاصل ہوا ہے جس پرہمیں فخر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تاریخی مکہ مسجد میں نماز کی ادائیگی
کے بعد جیسے ہی طلباء اور ان کے والدین گھر لوٹیں گے، وہ اپنے ساتھ نماز فجر کے علاوہ دوسری فرض نمازوں کو بھی اپنی روزمرہ زندگی کا ایک مستقل حصہ بنانے کا عزم لے کر جائیں گے۔