شک نے ایک خاندان کو تباہ کردیا۔ ماں اور بھائی کے قتل کے بعد باپ کی خودکشی سے معصوم بچہ یتیم ہوگیا۔ بیگم بازار واقعہ کی مکمل تفصیلات

[]

حیدرآباد : شہر کے بیگم بازار پولیس اسٹیشن کی حدود میں جمعہ کی علی الصبح ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا،جہاں شک کی آگ نے ایک خاندان کو تباہ کر دیا اور ایک پانچ سالہ معصوم بچے کو یتیم بنا دیا۔

 

شوہر نے بیوی کے کردار پر شک کرتے ہوئے بیوی اور دو سالہ بیٹے کو قتل کر کے خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق اتر پردیش کے فیروز آباد سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ ایم ڈی سراج علی سات سال پہلے حیدرآباد میں روزگار کی تلاش میں آئے تھے۔ وہ بیگم بازار کے توپ خانہ علاقے میں ایک کرائے کے مکان میں رہتے تھے اور ایک بیگلز کی دکان میں ملازمت کرتے تھے۔ 2017 میں ان کی شادی عالیہ نامی خاتون سے ہوئی اور ان کے دو بچے پانچ سالہ علیجان اور دو سالہ احسن بتائے گئے ہیں۔

 

سراج علی اپنے بیوی بچوں کو اتر پردیش میں چھوڑ کر حیدرآباد میں کام کرتے تھے اور سال میں دو بار اپنے گاؤں جاتے تھے۔ اس سال نومبر میں گاؤں گئے سراج علی اپنی بیوی اور بچوں کو دسمبر میں حیدرآباد لے آئے اور ایک کرائے کے مکان میں رہنے لگے۔ جمعرات کی رات شوہر اور بیوی کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا جس کے بعد صبح تقریباً 3 بجے سراج نے پہلے اپنی بیوی کا گلا کاٹ کر قتل کیا اور پھر اپنے دو سالہ بیٹے احسن کو گلا دبا کر ہلاک کر دیا۔ اس کے بعد سراج نے ایک خودکشی نوٹ لکھ کر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ سراج نے خودکشی نوٹ میں اپنے والدین سے معافی مانگی اور کہا کہ ان کی موت کے بعد ان کی نعشوں کو آبائی گاؤں لے جایا جائے۔

 

صبح 4 بجے بڑا بیٹے علیجان نے یہ منظر دیکھ کر اپنے پڑوسیوں کو اطلاع دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سراج نے اپنی بیوی پر شک کی وجہ سے یہ انتہائی اقدام کیا۔پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں سراج کے بھائی کے حوالے کر دی گئیں، جنہیں خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اتر پردیش لے جایا گیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *