[]
نرمل، 11 ڈسمبر(ایم اے وحید) ضلع نرمل میں تلنگانہ میتھس فورم کی جانب سے اردو میڈیم کے طلباء کے ساتھ سوتیلا سلوک کے خلاف تلنگانہ مائنارٹی ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن (میوا) اور تلنگانہ اسٹیٹ پرائمری ٹیچرز اسوسی ایشن (ٹی ایس پی ٹی اے) کے صدر شیخ شبیر علی اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ساجد معراج نے شدید برہمی اظہار کیا۔
شیخ شبیر علی نے واضح کیاکہ 25 نومبر 2024 کو ضلع مہتمم تعلیمات پی۔ راما راؤ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات(پروسیڈنگ) میں 11 ڈسمبر دسمبر 2024 کو ضلع سطح پر تلگو، انگریزی، اور اردو میڈیم کے طلباء کے لئے میتھس ٹیلنٹ ٹسٹ منعقد کرنے کا ذکر تھا۔
تاہم، تلنگانہ میتھس فورم نرمل نے اردو میڈیم کے طلباء کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف تلگو اور انگریزی میڈیم کے طلباء کے لئے ٹسٹ منعقد کیا، جب کہ ریاست بھر میں دیگر زبانوں کے ساتھ اردو میڈیم کے لئے بھی ٹسٹ منعقد کیا گیا۔
میتھس فورم کے اردو اراکین کی جانب سے اس ناانصافی پر استفسار کرنے پر فورم نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے کہاکہ اردو میڈیم کے طلباء کے لئے ٹیلنٹ ٹسٹ منعقد نہیں کیا جائے گا۔ اس مسئلہ پر اردو اراکین نے میوا کے صدر شیخ شبیر علی کو مطلع کیا، جنہوں نے میتھس فورم نرمل کے صدر چاٹلہ سرینواس سے وضاحت طلب کی۔
چاٹلہ سرینواس نے یہ دعویٰ کیا کہ ریاستی سطح پر میتھس فورم نے اردو میڈیم کو نکال دیا گیا۔ اس پر، شیخ شبیر علی نے اے ایم او، ضلع مہتمم تعلیمات، اور ایس سی آر ٹی ڈائریکٹر سے رابطہ کرتے ہوئے اس مسئلہ کی وضاحت طلب کی، جس پر پتہ چلا کہ نرمل کے سوائے تمام اضلاع میں اردو میڈیم کے طلباء کے لئے بھی میتھس ٹیلنٹ ٹسٹ منعقد کیا گیا۔
واضح رہیکہ ضلع نرمل میں اردو میڈیم کے ساتھ سوتیلا سلوک کا یہ کوئی نیا واقعہ نہیں ہے، بلکہ قدم قدم پر اردو میڈیم کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے اسی طرح زیڈ پی ایچ ایس مدھول میں اردو میڈیم طلباء کو سی ایم کپ کے مقابلہ جات میں حصہ لینے کا موقع نہیں دیا گیا۔ میوا و ٹی ایس پی ٹی اے صدر شیخ شبیر علی کی قیادت میں قائدین نے ضلع کلکٹر کے اے او سوریا کمار اور ڈی ای او پی۔ راما راؤ سے اس ناانصافی کےخلاف شکایت کی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا
جس پر ڈی ای او نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ اس پروگرام میں میوا قائدین زیڈ ایچ مسعود، مسیح الدین ، مقصود احمد ،سید سرفراز ، محمد آصف، ٹی ایس پی ٹی اے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد معراج ،ٹی پی ٹی ایف، نرمل کے صدر وجئے کمار اور دیگر موجود تھے۔