طلباء کو جدید سائنسی ماہرین بنا کر سماج کے لئے کارآمد بنانا ضروری ہے

حیدرآباد 6 دسمبر (سفیر نیوز)ضلع کلکٹر انودیپ دوریشیٹی نے کہا کہ طلباء کو اسکولی سطح سے ہی مستقبل کے سائنسدانوں کے طور پر تیار کیا جانا چاہئے۔
“کلاس روم میں ہی ملک کے مستقبل کی بنیاد رکھی جاتی ہے”
ضلع سطح پر منعقدہ تعلیمی و سائنسی نمائش کے پروگرام میں جمعہ کے روز ضلع کلکٹر انودیپ دوریشیٹی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ پروگرام محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام مشیرباد کے رام نگر میں سینٹ پائیس ہائی اسکول میں منعقد کیا گیا تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ سائنس کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں اور آج جو بھی ترقی اور سہولتیں میسر ہیں، وہ سائنس کی ہی دین ہیں۔ انہوں نے سائنسدانوں الیگزینڈر فلیمنگ اور نیوٹن کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے طلباء کو ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور اختراعی سوچ کے ذریعے اپنے مستقبل کی بنیاد رکھنے کی تلقین کی۔
بعد ازاں کلکٹر نے نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف اسکولوں کے طلباء کی جانب سے تیار کردہ 147 سائنسی ماڈلز کا معائنہ کیا۔ اس نمائش میں 6ویں سے 10ویں جماعت کے 78 اسکولوں کے طلباء نے حصہ لیا۔
پروگرام میں ڈی ای او روہنی، ڈپٹی ڈی ای او چرنجیوی، اسکول کی پرنسپل سسٹر لنڈا جیرالڈ، کوآرڈینیٹر جیوتی، تحصیلدار رانا پرتاب سنگھ، اساتذہ، اور طلباء نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *