[]
ون پلس کی ہندوستانی صارفین کے لیے اسکرین گرین لائن مسئلہ پر لائف ٹائم وارنٹی متعارف
ممبئی۔ معروف موبائل کمپنی ون پلس نے اپنے ہندوستانی صارفین کے لیے ایک شاندار اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت اسمارٹ فونز کی اسکرینوں میں گرین لائن کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے لائف ٹائم وارنٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ صارفین کے اعتماد کو بڑھانے اور انہیں اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
گرین لائن کا مسئلہ اور ون پلس کی حکمت عملی ۔کئی صارفین نے شکایت کی تھی کہ ان کے اسمارٹ فونز کی اسکرین پر سبز لائن نمودار ہوتی ہے جسے ٹھیک کروانے کے لیے انہیں اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے ون پلس نے ’گرین لائن-وری فری سلوشن‘ متعارف کرایا ہے۔
اس سلوشن میں اسمارٹ فون کی اسکرین کو مضبوط اور پائیدار بنانے کے لیے جدید AMOLED پینلز اور پی وی ایکس مٹیریل کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ مٹیریل اسکرین کو پانی، آکسیجن اور دیگر نقصان دہ عوامل سے محفوظ رکھتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس ٹیکنالوجی کو انتہائی سخت حالات میں جانچ کے بعد متعارف کرایا گیا ہے جس میں 85 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت اور 85 فیصد نمی کے تحت اسکرین کو ٹیسٹ کیا گیا۔
ہندوستانی مارکیٹ کے لیے خصوصی وارنٹی، ون پلس نے اعلان کیا ہے کہ یہ لائف ٹائم وارنٹی خاص طور پر ہندوستان کے لیے پیش کی گئی ہے جہاں گرم موسم کی وجہ سے اسکرین کی خرابی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد ہندوستانی صارفین کو اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنا اور مارکیٹ میں اپنی پوزیشن کو مضبوط بنانا ہے۔
ون پلس کا عزم اور مستقبل کی حکمت عملی ۔ ون پلس کے سی ای او رابن لیو نے اس وارنٹی کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ ان کی کمپنی ہمیشہ سے ٹیکنالوجی کے ذریعہ صارفین کے مسائل حل کرنے میں پیش پیش رہی ہے۔
یہ وارنٹی ایسے وقت میں پیش کی جا رہی ہے جب کمپنی نے ہندوستان میں اپنے ’پروجیکٹ اسٹار لائٹ‘ کے تحت 6000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اس سرمایہ کاری کے ذریعہ ون پلس نہ صرف اپنی مصنوعات میں جدت لانے بلکہ اپنی مقبولیت کو مزید بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
یہ اقدام ہندوستانی صارفین کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔