تلنگنہ عازمین حج کی روانگی کا جلد آغاز: اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود

[]

حیدرآباد: اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے بتایا کہ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے حج کیمپ2024 کا 7 مئی سے آغاز ہوگا اور9 مئی سے عازمین حج کی روانگی کا عمل شروع ہوگا جو25مئی تک جاری رہے گا۔

حج کیمپ کے انتظامات کو قطعیت دینے کیلئے مختلف26 محکمہ جات پرمشتمل عہدیداروں کا کوارڈنیشن اجلاس آج حج ہاوز میں اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں محکمہ پولیس، بلدیہ، واٹر ورکس، برقی، صحت عامہ، ائیر لائنس، ایر پورٹ اتھاریٹی،

ایمیگریشن، آر ٹی سی، کسٹمز، بینکس، سعودی ایرلائنر و دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی اور حج کیمپ اور عازمین کی روانگی کے انتظامات کو بہتر اور سہولت بخش بنانے کیلئے اپنے مکمل تعاون کا تیقن دیا۔

تفسیر اقبال نے بتایا کہ اس سال تلنگانہ سے7,811 اور پڑوسی ریاستوں آندھرا، کرناٹک اور مہاراشٹرا سے3207 جملہ11,018عازمین حج حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوں گے۔

ان تمام عازمین کے قیام وطعام اور لگیج اور دیگر سہولتوں کیلئے حج کیمپ میں وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ شیخ لیاقت حسین ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی جو کیمپ کے انچارج ہوں گے، نے کہا کہ عازمین کی فلائٹس کا 9مئی کی رات سے آغاز ہوگا۔

سعودی ایر لائنس کی جملہ38 فلائٹس کے ذریعہ عازمین، انٹرنیشنل ایر پورٹ شمس آباد سے جدہ کیلئے پرواز کریں گے۔ روزانہ2فلائٹس بعض ایام میں 3 فلائٹس چلائی جائیں گی۔ حیدرآباد کے عازمین کو 12گھنٹہ قبل اور اضلاع و دیگر ریاستوں کے عازمین کو 24گھنٹہ قبل حج کیمپ پر رپورٹ کرنا ہوگا۔

عازمین کی ایر پورٹ روانگی کیلئے خانگی ٹراویلس سے معاہدہ طے پایا ہے جبکہ عازمین کے لگیج کیلئے آر ٹی سی کارگو سرویس سے معاہدہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس بار ضلع سطح پر عازمین حج کے سفر کیلئے انتظامات کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ انہیں سفر کے علاوہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ایک ساتھ قیام کی سہولت حاصل ہوسکے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر محمد عرفان شریف بھی موجود تھے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *