غزہ میں اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی

[]

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی حملوں کی زد میں آکر 42 افراد شہید اور 63 زخمی ہوئے۔

غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں اب تک شہید ہونے والے افراد کی کل تعداد 34 ہزار12 ہوچکی ہے۔

اب تک غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں میں 76 ہزار 833 فلسطینی زخمی ہوئے۔

اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بچوں کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی تنظیم یونیسف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ جاں بحق یا زخمی ہورہا ہے۔

حال ہی میں غزہ کا دورہ کرکے واپس آنے والی یونیسف کی کمیونیکیشن اسپیشلسٹ ٹیس انگرام نے جنیوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاتھا کہ غزہ جنگ بچوں پر بری طرح اثر انداز ہورہی ہے۔

ٹیس انگرام کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 12 ہزار سے زائد بچے جاں بحق ہوچکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں ہر روز تقریباً 70 بچے زخمی ہو رہے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *