لوک سبھا انتخابات: اسد الدین اویسی نے حیدرآباد پارلیمانی حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کردیا

[]

حیدرآباد: صدر مجلس اور حیدرآباد کے موجودہ رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے جمعہ کو حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے انتخابی مقابلہ کے لئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ انتخابات 13 مئی کو ہوں گے۔

پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے انہوں نے تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ اس کے بعد لکڑی کا پل میں ریٹرننگ آفیسر حیدرآباد کے دفتر پہنچے اور اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ 

اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کے فرزند سلطان صلاح الدین اویسی، سابق رکن اسمبلی احمد پاشاہ قادری اور دیگر پارٹی قائدین موجود تھے۔

پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے اور بعد مجلس کے حامیوں نے جگہ جگہ اسد الدین اویسی کا استقبال کیا اور ان کی گلپوشی کی۔

واضح رہے کہ اسدالدین اویسی 2004 سے لگاتار چار مرتبہ حیدرآباد لوک سبھا سیٹ پر فاتح رہے ہیں اور اب پانچویں مرتبہ لوک سبھا جانے کے لئے تیار ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بی آر ایس نے گڈم سری نواس کو جبکہ بی جے پی نے مادھوی لتا کو اسد الدین اویسی کے خلاف میدان میں اتارا ہے۔ تلنگانہ میں حکمراں کانگریس نے ابھی حلقہ لوک سبھا حیدرآباد سے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *