یہ کوئی عام الیکشن نہیں، دستور اور جمہوریت کو بچانا ہے۔ راہول گاندھی کا پارٹی کارکنوں کے نام ویڈیو پیام

[]

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلہ سے ایک دن قبل کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج پارٹی کارکنوں سے کہا کہ یہ کوئی عام الیکشن نہیں بلکہ دستور کو بچانے والا الیکشن ہے۔

انہوں نے کارکنوں کو تلقین کی کہ وہ عوام کو بتائیں کہ بی جے پی ”ہندوستان کے نظریہ“ کو تباہ کررہی ہے۔ راہول گاندھی نے اپنے ایک ویڈیو پیام میں کانگریس ورکرس سے کہا کہ ان کے اوپر ایک بھاری ذمہ داری ہے۔

گاندھی نے ہندی اور انگریزی زبان میں کئے گئے اس پیام میں کہا ”آپ ہماری پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ چونکہ یہ انتخابات کا وقت ہے اسی لئے مجھے آپ سے راست طورپر بات کرنی چاہئے۔

یہ کوئی عام الیکشن نہیں ہے بلکہ دستور اور جمہوریت کو بچانے کا الیکشن ہے جس میں آپ جیسے ببر شیر ورکرس پر ایک بھاری ذمہ داری ہے“۔ انہوں نے کہاکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ کانگریس پارٹی کی سوچ اور نظریات آپ میں رچے بسے ہیں اور آپ کے خون میں دوڑتے ہیں۔

بی جے پی‘ آر ایس ایس ہندوستان کے اس نظریہ کے مخالف ہیں۔ وہ لوک ہمارے دستور‘ ملک کے جمہوری ڈھانچہ‘ ہمارے اداروں بشمول الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے لیگل فریم ورک پر حملہ کررہے ہیں۔

آپ سڑکوں پر‘ گاؤں میں اور ہر جگہ آر ایس ایس کی اس آئیڈیالوجی کے خلاف لڑتے ہیں۔ آپ مزاحمت کار ہیں۔ راہول گاندھی نے زور دے کر کہا کہ کانگریس‘ بی جے پی اور اس کی آئیڈیالوجی کو شکست دے گی۔

انہوں نے کانگریس کارکنوں سے کہا کہ وہ عوام کو یہ بتائیں کہ بی جے پی ہندوستان پر حملہ کررہی ہے اور اس کے نظریہ اور دستور کو تباہ کررہی ہے۔

لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس کے انتخابی منشور کو بہترین قراردیتے ہوئے راہول گاندھی نے پارٹی کی گارنٹیوں جیسے ہر غریب خاندان کی ایک خاتون کو سالانہ ایک لاکھ روپے دینا‘ اپرنٹس شپ کا حق‘ کسانوں کے لئے اقل ترین امدادی قیمت کی قانونی ضمانت‘ کنٹراکٹ لیبر کا خاتمہ‘ 30لاکھ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی‘ اگنی ویر اسکیم کی منسوخی اور گڈس اینڈ سرویسس ٹیکس(جی ایس ٹی) سسٹم کو درست کرنے کا تذکرہ کیا۔سابق کانگریس صدر نے کہا کہ ہم نے عوام کی بات سننے کے بعد یہ انتخابی منشور تیار کیا ہے۔

آپ ملک کے عوام کو اس کے بارے میں بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لئے ہمارے منشور میں شامل کرنے ہندوستان کے عوام سے کلیدی تجاویز حاصل کیں۔ ہم آپ پر بھروسہ کرتے ہیں اور آپ سے پیار کرتے ہیں۔ میں آپ کو اپنی نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ کانگریس نے 5 اپریل کو لوک سبھا انتخابات کے لئے 45 صفحات پرمشتمل اپنا منشور بعنوان ”نیائے پتر“ جاری کیا تھا۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ایکس پر ورکرس کے نام راہول گاندھی کے ویڈیو پیام کو منسلک کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلہ سے ایک دن قبل راہول گاندھی کے اس پیام کا ضرور مشاہدہ کریں۔

بنیادی سطح سے ملنے والے ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کے کانگریس کارکن اس الیکشن کے بارے میں بے حد پرجوش ہیں۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *