امیٹھی سے میرے الیکشن لڑنے کا فیصلہ پارٹی کرے گی: راہول گاندھی

[]

غازی آباد: اترپردیش کے امیٹھی سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کی قیاس آرائیوں کے بیچ کانگریس قائد راہول گاندھی نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ وہ پارٹی کے فیصلہ کے پابند ہوں گے۔

سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو کے ساتھ غازی آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس میں ان سے پوچھا گیا کہ آیا وہ وائناڈ کے ساتھ امیٹھی سے بھی الیکشن لڑیں گے۔

راہول گاندھی نے جواب دیا کہ امیٹھی کے معاملہ میں پارٹی فیصلہ کرے گی اور جو بھی حکم ملے گا میں اسے بجالاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں یہ فیصلے سنٹرل الیکشن کمیٹی(سی ای سی) کرتی ہے۔ امیٹھی اور وائناڈ دونوں حلقوں میں 26 اپریل کو پولنگ ہوگی۔

قیاس لگایا جارہا ہے کہ راہول گاندھی وائناڈ کے ساتھ امیٹھی سے بھی الیکشن لڑیں گے۔ سابق میں وہ متواتر 3 میعاد کے لئے اس حلقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ سننے میں آرہا ہے کہ پرینکا گاندھی وڈرا‘ رائے بریلی سے الیکشن لڑیں گی۔

اس حلقہ کی نمائندگی سابق میں ان کی ماں سونیا گاندھی کرتی تھیں۔ یہ دونوں حلقے گاندھی خاندان کے گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔ کانگریس کے مقامی یونٹس کا مطالبہ ہے کہ راہول اور پرینکا یہاں سے الیکشن لڑیں۔ کانگریس نے یوپی میں سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا ہے اور 17 لوک سبھا نشستوں پر الیکشن لڑرہی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *