کاشی وشواناتھ مندر میں ڈیوٹی پر موجود پولیس والوں کو وردی کے بجائے یہ پہننے کی ہدایت

[]

وارانسی: وارانسی کے کاشی وشواناتھ مندر میں ڈیوٹی پر تعینات پولیس والوں کو مندر آنے والے لوگوں کو دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے لئے خاکی وردی چھوڑ کر دھوتی کُرتا پہننے کی ہدایت دی گئی ہے۔

انہیں نہ صرف دھوتی کرتا پہننا ہوگا بلکہ کندھے پر ایک لمبی شال کے ساتھ ماتھے پر تلک لگانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

مندر کے حکام کے مطابق مرد پولیس والوں کو پجاریوں سے مشابہت کے لئے دھوتی کرتا اور مذہبی کھنڈوا یعنی دوپٹہ (شال) جبکہ خواتین پولیس  اہلکاروں کو شلوار کرتا اور اوڑھنی پہننے کا حکم دیا گیا ہے۔

کاشی وشواناتھ مندر میں ڈیوٹی پر تعنیات پولیس والوں کے لئے اب خاکی وردی کے بجائے یہی ان کا ڈریس کوڈ ہوگا۔

اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کو مندر آنے والے عقیدت مندوں کے ساتھ نرمی سے پیش آنے کے طور طریقے سکھانے انہیں تین روزہ تربیتی پروگرام میں شرکت کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

اس اقدام کے پیچھے ایک وجہ عقیدت مندوں کے لئے ایک خوشگوار ماحول فراہم کرنا اور انہیں پولیس کی خاکی وردی سے منسلک منفی تاثرات اور خوف سے دو رکھنا ہے۔

اسی طرح کا تجربہ اس سے قبل 2018 میں بھی کیا گیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ نئے ڈریس کوڈ کے علاوہ ہجوم پر قابو پانے کے لئے ’نو ٹچ‘ پالیسی بھی نافذ کی جارہی ہے۔

پولیس کمشنر موہت اگروال نے بتایا کہ ہجوم سے نمٹنے کے لئے پولیس جو طریقے اختیار کرتی ہے، اس سے لوگوں کو اکثر بے عزتی محسوس ہوتی ہے۔

اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کو ضروری تربیت دیتے ہوئے ان کا ڈریس کوڈ ہی تبدیل کردیا گیا ہے تا کہ مندر آنے والے لوگوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جاسکے۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *