راہول گاندھی گجرات سے بھارت جوڑو یاترا کا دوسرا مرحلہ شروع کریں گے

[]

ممبئی: مہاراشٹر ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے منگل کو کہا کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بدعنوانیوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے بھارت جوڑو یاترا کے دوسرے مرحلے کا گجرات سے آغاز کریں گے اور یہ یاترا مہاراشٹر کا بھی احاطہ کرے گی۔

منگل کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پٹولے نے کہا کہ پد یاترا ریاست کے چھ ڈیویژنوں میں منعقد کی جائے گی اور وہ خود ناگپور ڈیویژن میں پدیاترا کی قیادت کریں گے۔

اسی طرح امراوتی ڈویژن میں حزب اختلاف کے لیڈر وجے وڈیٹیوار، مراٹھواڑہ ڈویژن میں سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان، شمالی مہاراشٹر ڈویژن میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھوراٹ اور ممبئی میں ممبئی پردیش کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ پدایاترا کی قیادت کریں گے۔

مسٹر پٹولے نے بتایا کہ کونکن ڈویژن میں تمام لیڈر اکٹھے ہوں گے اور پدایاترا نکالیں گے اور سینئر لیڈروں کو ریاست کے تمام اضلاع میں پد یاترا نکالنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس پد یاترا کے بعد، بس یاترا کے ذریعے پورے مہاراشٹر کا دورہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مرکز کی بی جے پی زیرقیادت حکومت پر جھوٹے وعدے کرکے مل کے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ کسانوں، مزدوروں، غریبوں، محنت کشوں، نوجوانوں، خواتین کے مسائل حل نہیں ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ مرکز اور ریاست میں بی جے پی کی حکومتیں مہنگائی، بے روزگاری، امن و امان جیسے عام لوگوں سے جڑے مسائل سے نمٹنے میں ناکام رہی ہیں۔ بی جے پی حکومت اپنے دوستوں کے لیے کام کر رہی ہے اور عام لوگوں کے مسائل کو نظر انداز کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل کو یاترا کے دوران میٹنگوں کے ذریعے عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *