[]
کورٹلہ: ضلع جگتیال کے کورٹلہ منڈل میں آج ایک آر ٹی سی بس نے ایک بائیک کو ٹکر سے بچانے کے لئے کنٹرول کھودیا اور ایک بڑے گڑھے میں جا گری۔ تاہم اس واقعہ میں بائیک سوار شدید زخمی ہوگئے اور دوسری طرف بس کے کئی مسافرین بھی زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق نظام آباد ڈپو سے تعلق رکھنے والی آر ٹی سی بس کورٹلہ سے جگتیال جارہی تھی کہ وینکٹا پور، کورٹلہ منڈل میں ایک بائیک جس پر دو افراد سوار تھے، سامنے آگئے۔ بس ڈرائیور نے انہیں بچانے کی کوشش کی تاہم بائیک، بس سے ٹکراگئی اور دوسری طرف بس ایک کھائی میں جا پہنچی۔
اس حادثہ میں بائیک پر سوار دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے جبکہ بس میں سوار کئی مسافرین معمولی زخمی ہوئے۔ بس اگر الٹ جاتی، یا بڑے گڑھے کے بجائے وہاں بڑی کھائی ہوتی تو مسافرین کی ہلاکت کا خدشہ تھا۔
بس مسافرین کے زخموں کی نوعیت معمولی بتائی گئی ہے تاہم بائیک پر سوار دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لئے سرکاری ہاسپٹل لے جایا گیا ہے۔
بس مسافرین کے زخموں کا علاج کرنے کے بعد انہیں دوسری بسوں سے ان کی منزل تک پہنچایا گیا۔ پولیس اور آر ٹی سی عہدیداروں نے موقع پر جاکر معائنہ کیا۔