[]
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ان کے تین بیٹوں سمیت گھر کے چھے افراد کی صہیونی حملے میں شہادت پر تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔
جنرل سلامی نے اپنے پیغام میں کہا ہےکہ غزہ کے مغرب میں الشاطی کیمپ کے اطراف میں صہیونی حکومت نے حملہ کرکے فلسطینی عوام اور مجاہدین کے سامنے اپنی شکست کا اعلان کیا ہے۔ بیٹوں اور گھر کے دیگر افراد کی شہادت پر آپ کو تعزیت اور مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ مشکلات اور بہنے والا خون فلسطینی عوام کی آزادی کی راہ کو مزید روشن کرے گا۔ فلسطینی عوام دشمن کے سامنے سینہ سپر ہیں۔ صہیونی حکومت کی جارحیت سے ان کا عزم متزلزل نہیں ہوگا بلکہ شہداء کا مقدس لہو ان کے عزم اور ارادے کو مزید مضبوط کرے گا جس سے بیت المقدس اور مسجد اقصی کی آزادی کی منزل مزید نزدیک ہوجائے گی۔
جنرل سلامی نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کے مظالم اور وحشیانہ حملے اس کو غزہ کے دلدل سے نکلنے میں کوئی مدد نہیں دیں گے۔ حماس کی ثابت قدمی اور مقاومت اسلامی کی پشت پناہی سے یہ سلسلہ صہیونی حکومت کی نابودی تک جاری رہے گا۔