[]
ریاض ۔ کے این واصف
ماہ رمضان میں دعوتوں، اسٹار ہوٹلس اور عام رسٹورنٹس میں سینکڑوں ٹن کھانا بچ جاتا ہے اور تلف کردیا جاتا ہے جبکہ دنیا میں لاکھوں افراد ایک وقت کے کھانے کے لئے ترستے ہیں۔ مکہ شہر میں رمضان میں بےشمار زائرین آتے ہیں جن کے لئے ہوٹلس اور رسٹورنٹس میں کھانے تیار ہوتے ہیں اور کافی مقدار میں کھانے بچ بھی جاتے ہیں۔
مکہ مکرمہ کی فلاحی تنظیم “اکرام” کی جانب سے گزشتہ دوہفتے کے دوران 5 لاکھ کلو اضافی خوراک کو تلف ہونے سے بچاتے ہوئے اسے ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا۔سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے فلاحی تنظیم اکرام کے ڈائریکٹر احمد المطرفی نے بتایا کہ مسجد الحرام کے اطراف میں فائیو اسٹار ہوٹلز اور کیٹرنگ سروسز کے تیار کردہ کھانوں کو تلف کرنے سے بچانے کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
تنظیم کی ٹیمیں ان ہوٹلوں کا دورہ کرتی ہیں جہاں سے وہ اضافی خوراک کو پیک کرکے انہیں مخصوص پیکنگ میں محفوظ کرنے کے بعد ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ڈائریکٹر فلاحی تنظیم کا مزید کہنا تھا کہ ہوٹلوں میں تیار ہونے والی مختلف نوعیت کی خوراک جن میں خشک افطاری ، فروٹ ، بیکری آئیٹمز ، فاسٹ فوڈ اور دیگر کھانے ہوتے ہیں انہیں طبی ضوابط کے مطابق پیک کیا جاتا ہے۔
خوراک کو مخصوص پیکٹوں میں محفوظ کرنے کے بعد انہیں مکہ مکرمہ میں رہنے والے ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔واضح رہے خوراک کو تلف ہونے سے بچانے کےلیے مکہ مکرمہ میں کام کرنے والی فلاحی تنظیم کے مثالی کاموں پر اسے بہترین تنظیم کا ایوارڈ بھی جاری کیا گیاہے۔
فلاحی تنظیم کی جانب سے مخصوص گاڑیاں فراہم کی جاتی ہیں جن کا درجہ حرارت رکھی جانے والی خوراک کے مطابق ہوتا ہے جس سے کھانا خراب ہونے محفوظ رہتا ہے اور بہترین حالت میں ضرورت مندوں تک پہنچ جاتا ہے۔