[]
کرنول: آندھرا پردیش میں 13مئی کو منعقد شدنی انتخابات کو”کروکشیترا“ جنگ قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ امیروں کو شکست دینے کیلئے غریبوں کے ساتھ کھڑے رہنے کیلئے تیار ہیں۔
میمنتا سدھم یاترا کے حصہ کے طور پر یمگنور میں ایک بڑی انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے ریالی میں شریک عوام کو اپنے اسٹار کمپینیرس قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر گھر جائیں گے اور حکومت کے اچھے کاموں سے عوام کو بتائیں گے۔
ہمارا نشانہ 175 کے منجملہ175 اور 25 کے منجملہ 25 لوک سبھا نشستوں سے کامیابی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو ہمیشہ سے ہی غریبوں کی مدد حاصل رہی ہے اور یہ ایک مضبوط نظام ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس بار غریبی کا پس منظر رکھنے والے کئی امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے۔ حلقہ اسمبلی سنگانامالا سے پارٹی نے ویراانجینلو کو ٹکٹ دیا ہے۔ جو ایک ٹپر ڈرائیور ہیں مگر ان کی تعلیمی قابلیت چندرا بابو نائیڈو سے زیادہ ہے۔
آج چندرا بابو نائیڈو کا مختلف برادریوں سے رابطہ ختم ہوگیا ہے۔ کبھی وہ یہ کہا کرتے تھے کہ یہ برادریاں ہی ان کی ہیں۔ اب یہ تمام برادریاں نائیڈو سے دور ہوچکی ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ نائیڈو کا رجحان پڑؤسی ریاست تلنگانہ کی طرف زیادہ ہے۔
اس لئے وہ وہاں زیادہ دکھائی دیتے ہیں۔ ہائی ٹیک سٹی کے قریب رہتے۔ ایناڈو، آندھرا جیوتی، اور ٹی وی5 وہاں ہیں اور انہوں نے کبھی بھی اپنے منہ بولے فرزند پون کلیان کو نہیں بھولا ہے۔
سابق چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے سابق میں عوام سے کئے گئے ایک بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وائی ایس آر کانگریس حکومت نے گزشتہ 58 ماہ کے دوران ریاست میں شعبہ تعلیم کی نئی صورت گری کردی ہے۔
ان کی حکومت نے اسکولی بچوں کے فائدہ کیلئے اسکیم بنائی ہے۔طلبہ میں ٹابس تقسیم کئے گئے۔ تمام سرکاری اسکولوں میں انگلش ذریعہ تعلیم کو متعارف کرایا ہے۔ ریاست سے امتیازی سلوک ختم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے خواتین کے نام پر31 لاکھ امکنہ پٹہ جات رجسٹر کئے ہیں۔
جگن نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ الیکشن میں وائی ایس آر سی پی کو کامیاب بنائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ انتخابات، صرف ایم ایل ایز اور ایم پیز کی قسمت کا یقین نہیں کریں گے بلکہ یہ الیکشن ریاست کی 2.5کروڑ خواتین اور ان کے بچوں کا مستقبل طئے کریں گے۔ انہوں نے عوام بالخصوص خواتین سے اپیل کی کہ وہ وائی ایس آر سی پی کی تائید کریں۔