ہندوستانی شہری پیدل سفر کرکے آٹھ ماہ بعد مدینہ منورہ پہنچ گیا

[]

ریاض ۔ کے این واصف

مہم جوئی کے شوق میں لوگ جوکھم والے اور مشکل ترین کام کرکے ریکارڈز قائم کرتے ہیں کچھ لوگ اپنی مہم جوئی کو کارخیر یا عمل صالح سے بھی جوڑ لیتے ہیں۔ ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے سید علی نے بھی ایسا ہی کیا۔ مقامی میڈیا میں شائع خبر کے مطابق انڈین شہری سیدعلی پیدل سفر کرکے آٹھ ماہ بعد مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ اپنے سفر کا اختتام حج کی ادائیگی سے کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

 

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تصویر والی ٹی شرٹ پہنے انڈین شہری نے سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفر مشکل ضرور تھا لیکن اللہ مدد کرنے والا ہے۔ میں اللہ سے مدد مانگ رہا تھا اور اللہ نے میری مدد کی۔سید علی نے بتایا کہ ناسک سے پیدل سفر کا آغاز کیا، انڈیا کی مختلف ریاستوں مہاراشٹر، گجرات، راجستھان اور ہریانہ سے گزرتے ہوئے دہلی سے ایران پہنچا، وہاں سے عراق اور پھر سعودی عرب میں داخل ہوا اب ریاض سے مدینہ منورہ پہنچا ہوں۔

 

انہوں نے کہا کہ ہر ملک کا اپنا نظام ہے جو اپنے طور پر درست ہے، ایران اور عراق بھی گیا لیکن مجھے سعودی عرب کا نظام زیادہ اچھا لگا مجھے یہاں کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔انہوں نے بتایا کہ وہ پہلے بھی مدینہ منورہ آچکے ہیں سعودی حکومت کی جانب سے زائرین کو دی جانی والی سہولتوں پر شکریہ ادا کیا۔

 

سید علی کا کہنا تھا کہ انہیں خصوصی طور پر شہزادہ محمد بن سلمان پسند ہیں، اسی لیے ان کی تصویر والی ٹی شرٹ پہنی ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *