[]
ریاض ۔ کے این واصف
مسجد الحرام میں رمضان المبارک کے آغاز سے زائرین میں تقسیم کیے جانے والے افطار پیکٹس کی طبی بنیادوں پر یومیہ جانچ کی جاتی ہے۔ روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افطار پیکٹس کا تفصیلی معائنہ کیا جاتا ہے۔ یہ عمل زائرین حرم سے اُنتظامیہ کے تعلق حاطر کو ظاہر کرتا ہے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مسجد الحرام میں موجود لیباریٹری کے ذمہ دار عبد الرحمان القرشی نے بتایا کہ روزہ داروں کے افطار کے لیے پیش کیے جانے والے کھانوں اور کھجوروں کے علاوہ دیگر اشیائے خورونوش کے استعمال کی صلاحیت کو دیکھا جاتا ہے۔
القرشی نے مزید بتایا کہ لیبارٹری میں موجود اہلکار تقسیم کے لیے لائے جانے والے افطاری پیکٹس کا بغور معائنہ کرتے ہیں، اگر کسی چیز کے بارے میں معمولی سا بھی شک ہو تو اس کا معائنہ خوردبین کے ذریعے کر کے تسلی کی جاتی ہے۔
القرشی کا کہنا تھا کہ ادارے کی فیلڈ ٹیم ہے جو افطار دسترخوان میں اپنا کام روزانہ کی بنیاد پر انجام دیتی رہتی ہے۔زائرین حرم کو صاف ستھری اور بہتر خوراک افطار میں فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ صحت بخش غذا سے افطار کریں۔