دہلی شراب پالیسی کیس، کویتا کی عدالتی تحویل میں توسیع، تہاڑ جیل منتقل

[]

حیدرآباد: دہلی شراب پالیسی معاملہ میں دہلی کے راس ایونیوکورٹ نے بی آرایس کی رکن کونسل کویتا کو 9اپریل تک عدالتی تحویل میں دے دیا۔آج ان کی تحویل کے اختتام پر ان کو عدالت میں پیش کیاگیا۔ای ڈی کے وکیل نے بذریعہ آن لائن اپنے دلائل پیش کئے اوربی آرایس لیڈر کی عدالتی تحویل میں مزید 15دن توسیع کی عدالت سے خواہش کی۔

انہوں نے کہاکہ اس معاملہ کی جانچ جاری ہے۔بعض ملزمین سے ہنوز پوچھ گچھ نہیں کی گئی ہے۔اس مرحلہ پر کویتا کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ کویتا کے فرزند کے امتحانات کا شیڈول جاری ہوچکا ہے۔انہوں نے عدالت سے خواہش کی کہ کویتا کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

دونوں فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد عدالت نے کویتا کو 14دنوں کے لئے عدالتی تحویل میں دینے کی ہدایت دی۔یہ عدالتی تحویل 9اپریل تک جاری رہے گی۔عدالت کے حکم کے بعد کویتا کو دہلی کی تہاڑجیل منتقل کردیاجائے گا۔

اسی دوران عدالت نے کہاکہ کویتا کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت یکم اپریل کو کی جائے گی۔قبل ازیں کویتا نے عدالت میں پیش کرنے سے پہلے وہاں منتظرمیڈیا کے نمائندوں سے کہا کہ یہ منی لانڈرنگ کا معاملہ نہیں بلکہ سیاسی لانڈرنگ کا معاملہ ہے۔

یہ ایک فرضی اور من گھڑت کیس ہے۔ہم اس سے بے قصور باہر نکل جائیں گے۔اس معاملہ کا ایک ملزم پہلے ہی بی جے پی میں شامل ہوگیا ہے۔دوسرے ملزم کو بی جے پی کاٹکٹ مل رہا ہے اورتیسرے ملزم نے 50کروڑروپئے الکٹورل بانڈ میں دیئے ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *