[]
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے آج سوشل میڈیا پر ایک مہم شروع کی اور عوام سے کہا کہ وہ ملک میں دستور اور جمہوریت کو بچانے اس کی تائید کریں۔
دہلی کی وزیر اور سینئر پارٹی قائد آتشی نے سوشل میڈیا ”ڈی پی (ڈسپلے پکچر)“ مہم شروع کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس میں شامل ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے تمام قائدین اور کارکن ایکس، فیس بک، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی پروفائل پکچر تبدیل کریں گے اور اس کی جگہ نئی تصویر لگائیں گے جس میں کجریوال کو سلاخوں کے پیچھے دکھایا جائے گا اور اس کے نیچے تحریر ہوگا”مودی کا سب سے بڑا ڈر کجریوال“۔
آتشی نے کہا کہ کجریوال ملک کے ایسے واحد قائد ہیں جو وزیراعظم نریندرمودی کو چالینج کرسکتے ہیں۔ لہٰذا انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے لوک سبھا انتخابات کے اعلان کے فوری بعد کسی ثبوت کے بغیر انہیں گرفتار کرلیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مبینہ اکسائز اسکام کی دو سال طویل تحقیقات کے باوجود ای ڈی ”ایک پیسہ“ کا ثبوت پیش نہیں کرسکی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور مودی کجریوال کو کچل دینا چاہتے ہیں اور کہا کہ عام آدمی پارٹی ملک میں ڈکٹیٹر شپ کے خلاف جنگ چھیڑ رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کی سوشل میڈیا ڈی پی مہم میں شامل ہوجائیں۔ دستور اور جمہوریت کو بچانا صرف کجریوال کی لڑائی نہیں ہے۔