[]
ماسکو: روس میں گزشتہ کئی برسوں کے دوران بدترین دہشت گردانہ حملہ میں 40 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر سرکاری اطلاعات میں یہ بات بتائی گئی اور کہا گیا کہ ماسکو میں ایک بڑے کنسرٹ ہال میں بندوق برداروں نے جو لڑائی کے لباس میں ملبوس تھے، اندھادھند فائرنگ کردی اور دھماکو اشیاء کا استعمال کیا۔
تصاویر میں کروکس سٹی میوزک ہال کو شعلوں میں گھرا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔
اس واقعہ کے ویڈیوز میں کم ازکم 4 بندوق برداروں کو خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کرتے ہوئے اور دہشت زدہ روسیوں کو جان بچانے کے لئے دوڑتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔
ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 بندوق برداروں نے جو لڑائی کے لباس میں ملبوس تھے اور رائفلیں اٹھائے ہوئے تھے، کنسرٹ ہال کی لابی میں بکھری ہوئی لاشوں پر انتہائی قریب سے فائرنگ کی۔ حملہ آوروں نے دھماکو اشیاء کا استعمال کرتے ہوئے کئی دھماکے بھی کئے۔ اس حملہ کے دیگر ویڈیوز میں بھی دھماکوں کی آواز سنی جاسکتی ہے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے اس حملہ کو ایک عظیم المیہ قرار دیا۔ کم ازکم 50 ایمبولینسس کو جائے واقعہ پر بھیجا گیا۔ روسی میڈیا کی اطلاعات میں کہا گیا کہ فساد پر قابو پانے والی پولیس کے یونٹوں کو اِس مقام پر بھیجا گیا اور عوام کا تخلیہ کرایا گیا۔