[]
دہرادون: صدر نے اتراکھنڈ میں پشکر سنگھ دھامی کی قیادت والی حکومت کے ذریعہ حال ہی میں اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں پیش کئے گئے یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) بل کو اپنی منظوری دے دی ہے۔
اس تناظر میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی جانب سے اتراکھنڈ کے گورنر میجر جنرل (ریٹائرڈ) گرمیت سنگھ نے چہارشنبہ کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے جاری ہونے پر دھامی نے ٹویٹ کرکے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
راج بھون کی طرف سے چہارشنبہ کی دوپہر جاری کردہ یہ نوٹیفکیشن منگل کو جاری کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق ‘آئین ہند’ کے آرٹیکل 201 کے تحت، صدر نے اتراکھنڈ قانون ساز اسمبلی سے منظور ‘یکساں سول کوڈ، اتراکھنڈ، 2024 بل’ کو 11 مارچ 2024 کو منظوری دے دی اور اسے اتراکھنڈ ایکٹ نمبر 03، سال: 2024 کے طورپر اطلاع عام معلومات کے لیے شائع کیا جاتا ہے۔
یو سی سی کو صدر کی منظوری ملنے کے بعد چیف منسٹر نے کہا، “یہ ریاست کے تمام لوگوں کے لیے بہت خوشی اور فخر کا لمحہ ہے کہ صدر دروپدی مرمو جی نے اتراکھنڈ اسمبلی میں ہماری حکومت کی طرف سے پاس یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) بل کو منظوری دے دی ہے۔
دھامی نے مزید کہا، “یقینی طور پر ریاست میں یکساں سول کوڈ قانون کے نفاذ کے ساتھ تمام شہریوں کو مساوی حقوق فراہم کرنے کے ساتھ، خواتین کے ساتھ ہونے والے ظلم کو بھی روکا جائے گا۔ یکساں سول کوڈ ریاست میں سماجی مساوات کی اہمیت کو ثابت کرتے ہوئے ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا، “وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن کے مطابق ہماری حکومت شہریوں کے مفادات کے تحفظ اور اتراکھنڈ کی اصل شکل و صورت کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔”