[]
نئی دہلی: سابق وزیر ماحولیات اور کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے چہارشنبہ کے روز مدھیہ پردیش کے کونو نیشنل پارک میں نویں چیتا کی موت پر سوال اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ کونو میں یقینا کچھ نہ کچھ غلط ہوا ہے اور ایسا اس وقت ہوتا ہے جب کسی ایک شخص کی خودنمائی اور خودپسندی کی خواہش اس پر غلبہ پالیتی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناکر کیے گئے ایک طنزیہ ٹوئٹ پیام میں رمیش نے کہا کہ کونو میں یقینا کچھ نہ کچھ غلط ہورہا ہے۔ آج صبح نویں چیتا کی موت ہوئی ہے۔
یہ دلیل کہ ان اموات کی توقع کی جارہی تھی، بکواس ہے اور چیتوں کے بین الاقوامی ماہرین نے ایسے دلائل کو مسترد کردیا ہے۔ انھوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب سائنس اور شفافیت پچھلی نشست پر آجاتی ہیں تو ایسا ہوتا ہے۔
جب ایک شخص کی خود پسندی اور اپنی شان و شوکت ظاہر کرنے کی ضرورت دیگر تمام چیزوں پر غلبہ پالیتی ہے تو ایسا ہوتا ہے۔ مدھیہ پردیش میں چہارشنبہ کی صبح نویں چیتا کی موت کے بعد انہوں نے یہ تبصرہ کیا۔
پارک کے حکام کی جانب سے جاری کیے گئے پریس نوٹ کے مطابق آج صبح ایک مادہ چیتا دھاتری (طبلسی) مردہ پائی گئی۔ موت کی وجہ کا پتہ چلانے پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے۔