[]
نئی دہلی: ہندوستان نے شدید غربت کا خاتمہ کردیا ہے اور اب اونچی خط ِ غربت کی طرف بڑھنے کا اہل ہے۔ ایک امریکی تھنک ٹینک بروکنگس نے اپنی رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا ہے۔
اُس نے جامع اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انفرادی غربت کے تناسب (ایچ سی آر) میں کمی درج کی گئی ہے اور گھریلو مصارف میں قابل لحاظ اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے نتیجہ میں انتہائی غربت سے چھٹکارا پانے میں مدد ملی ہے۔
معروف ماہرین معاشیات سرجیت بھلّہ نے اور کرن بھاشن کی تیار کردہ رپورٹ میں حوصلہ افزا ترقی کا دعویٰ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اب ہندوستان کے لیے وقت آچکا ہے کہ وہ اونچی خط ِ غربت کی طرف بڑھے جس طرح دیگر ترقی یافتہ ممالک بڑھ رہے ہیں۔
بروکنگس نے اپنی رپورٹ میں شدید غربت سے ملک کی آزادی کو مودی حکومت کی پالیسیوں سے منسوب کیا ہے جن کے تحت کئی فلاحی پروگراموں کے ذریعہ دوبارہ تقسیم پر زور دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پوری آبادی کو پکوان گیس، سب کے لیے مکانات، بیت الخلاؤں کی تعمیر، پائپ کے ذریعہ پینے کے پانی کی فراہمی اور شہری و دیہی پٹیوں میں برقی سربراہی جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے پر حکومت کی مکمل توجہ نے شمولیاتی ترقی کا ماحول تیار کرنے کی راہ ہموار کی ہے۔
ایچ سی آر (انفرادی غربت کے تناسب) میں کمی قابل تذکرہ ہے کیونکہ ہندوستان کو مماثل کمی لانے کے لیے ماضی میں 30 سال کا عرصہ درکار ہوا تھا اور اب صرف زائد از 11 سال میں اتنی ترقی درج کی گئی ہے۔
رپورٹ کے اختتام میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کو اب اونچی خط ِ غربت کی طرف بڑھنا چاہیے، جس کے نتیجہ میں موجودہ سماجی تحفظ پروگراموں کی ازسرنو تشریح کرنے کا موقع ملے گا۔