مزید 2 ضمانتوں پر اندرون ہفتہ عمل آوری۔200 یونٹ مفت برقی، 500 روپے میں گیس سلینڈرکی فراہمی شامل

[]

حیدرآباد:تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے چہارشنبہ کے روز اعلان کیا کہ ان کی حکومت‘اندرون ہفتہ مزید 2 ضمانتوں کو نافذکرے گی۔ان دوضمانتوں میں 200 یونٹ برقی کا مفت استعمال اور500 روپے میں گیس سلینڈرکی سربراہی شامل ہے۔

ان 2ضمانتوں کواندرون ایک ہفتہ نافذکردیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ تمام سفیدراشن کارڈس گیرندوں کوان دوضمانتوں سے فائدہ ہوگا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ 15 مارچ سے رعیتوبھروسہ کونافذ کیاجائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ وہ کسانوں کے 2 لاکھ روپے کے قرض معافی کی ذمہ داری خود لیتے ہیں۔

یہ ضمانتیں‘کانگریس کے انتخابی وعدوں میں شامل ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یہ اعلان حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے کوسگی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گزشتہ سال دسمبر میں چیف منسٹر ی کے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد ریونت ریڈی کا یہ پہلا دورہ حلقہ کوڑنگل ہے جہاں انہوں نے 4369 کروڑمالیت کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیادرکھا۔ان کاموں کا بہت جلد آغاز ہوگا۔

ریونت ریڈی نے ضلع محبوب نگر اورحلقہ کوڑنگل کے عوام کا شکریہ ادا کیا جن کی حمایت ومدد کے سبب وہ چیف منسٹر بن پائے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جہاں تک دریا کے پانیوں کا معاملہ ہے‘ تلنگانہ کو متحدہ ریاست اے پی سے زیادہ کے چندر شیکھرراؤ کے دورحکومت میں زائد مصائب ومشکلات سامنارہا ہے۔

کے سی آر نے آندھرائی حکومت کودریا کرشنا کے پانی کو رائلسیماعلاقہ کی طرف موڑنے کی اجازت دے دی۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر کویہ معلوم ہوگیا تھا وہ حلقہ لوک سبھا کریم نگر سے دوبارہ منتخب نہیں ہوسکتے اسی لئے انہوں نے حلقہ لوک سبھا محبوب نگر سے الیکشن لڑا اور یہاں سے کامیابی کے بعد کے چندرشیکھرراؤ نے محبوب نگر کی ترقی کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔

انہوں نے کہاکہ لوک سبھا کے الیکشن سے قبل کے چندرشیکھرراؤ کوحلقہ محبوب نگر کے عوام سے معذرت خواہی کرناچاہئے۔چیف منسٹر نے الزام عائد کیاکہ بی آر ایس اوربی جے پی میں خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یاددلایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2014 میں دورہ محبوب نگر کے دوران پالمورورنگاریڈی لفٹ اریگیشن پروجیکٹ کوقومی موقف دینے کا وعدہ کیا تھا مگر میرا سوال وزیر اعظم مودی سے یہ ہے کہ آپ نے 10برسوں کے بعدبھی اس وعدہ کوپورا کیوں نہیں کیاہے؟۔

چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ سے بی جے پی کے 4ارکان پارلیمنٹ ہیں مگران چارایم پیز نے ریاست کو 4 روپے بھی نہیں دلاپا ئے ہیں۔ انہوں نے کانگریس کیڈرپرزوردیا کہ وہ ایک اور انتخابی جنگ کے لئے تیاری شروع کردیں اس بار کانگریس کوریاست کی 17کے منجملہ لوک سبھا کی 14 نشستوں پرکامیابی دلاناہوگا۔

چیف منسٹر نے نارائن پیٹ‘کوڑنگل لیفٹ اریگشن اسکیم کا سنگ بنیادرکھاہے جس پر 2945 کروڑ روپے صرف کئے جائیں گے۔انہوں نے آر اینڈبی گیسٹ ہاوز‘ڈبل لین سڑکیں‘بریجس اور سڑکوں کی توسیع کاموں کا سنگ بنیادرکھا۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *