[]
ریاض ۔ کے این واصف
ڈاکٹر عبدالغنی سعودی عرب میں انڈین کمیونٹی میں غزل گائیکی کے لئے ایک معروف نام ہے۔ گو کہ ڈاکٹر غنی سعودی عرب میں ایک برسرے کار میڈیکل ڈاکٹر ہیں لیکن غزل گائیکی ان کا محبوب ترین مشغلہ اور شوق ہے۔ انھوں نے عثمانیہ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کیا۔ مگر غزل گائیکی کا شوق انھیں طالب علمی کے زمانے ہی سے رہا۔ ڈاکٹر غنی نے حیدرآباد میں غزل گائیکی کے استاد وٹھل راؤ سے باضابطہ تعلیم حاصل کی ہے۔
ڈاکٹر غنی سعودی عرب کے منطقہ شرقیہ کے ایک اسپتال میں بحیثیت میڈیکل ڈائرکٹر برسرے کار ہیں وہ ان دنوں اپنے وطن چھٹی پر ہیں۔ ہمیشہ کی طرح حیدرآباد میں ان کی موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے مداحوں نے جی آر ریڈی ھال، شانتی نگر حیدرآباد میں “ایک شام ڈاکٹر غنی کے نام” سے ایک غزل نائٹ کا اہتمام کیا۔ اس پروگرام میں ریاض کے سماجی سرکلز کی معروف شخصیت ڈاکٹر اشرف علی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ جبکہ صحافی شیخ اسماعیل، عبدالحمید، عمران فرید، ٹی کمارسوامی، ڈی پربھامہمانان اعزازی تھے۔
غزل کی اس محفل میں ڈاکٹر غنی کے علاوہ پنڈت وٹھل راؤ کی بیٹی سندھیا، انور بیگ اور ارچناکمار نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ جبکہ استاد سردار خاں نے طبلہ، پنڈت نندکمار نے ستار اور عمر خاں نے کیبورڈ پر سنگت کی۔ ڈاکٹر غنی نے معروف شعراء احمد فراز، سعید شہیدی، امجد حیدرآبادی،شمیم جئےپوری وغیرہ کا کلام پیش کرکے خوب داد و تحسین حاصل کی اور اس شب غزل کو ایک یادگار شب بنادی۔