[]
مہر نیوز کے نامہ نگار کے مطابق، ایران میں میڈیا کی 24ویں بین الاقوامی نمائش کا افتتاح “نجستم ہمیشه جز از راستی” (ہمیشہ سچ کے علاوہ کسی چیز کی تلاش نہیں رہی) کے عنوان سے آج دوپہر کو ایران کے وزیر ثقافت محمد مہدی اسماعیلی، بین الاقوامی کانفرنس برائے انتفاضہ فلسطین کے سیکرٹری جنرل مجتبی ابطحی، ایران میں حماس کے نمائندے خالد قدومی، حماس کے ترجمان اسامہ حمدان اور میڈیا کے اعلی حکام کی موجودگی میں کیا گیا۔
چھ سال کے وقفے سے منعقد ہونے والی اس نمائش میں میڈیا کے 450 نمائندے شرکت کر رہے ہیں اور یہ نمائش بدھ تک جاری رہے گی۔
نمائش میں معروف مصنف اور سابق وزیر ثقافت محمد جعفر زادہ کے دس جلدوں پر مشتمل پرنٹ میڈیا سے متعلق انسائیکلوپیڈیا کی رونمائی کی گئی۔
ایرانی وزیر ثقافت نے اپنے خطاب میں 24ویں میڈیا نمائش کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نمائش میں میڈیا کے 450 نمائندوں کی موجودگی ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے مزاحمتی محاذ، حماس اور اسلامی جہاد کے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ایرانی پریس انسائیکلوپیڈیا کے مصنف محمد جعفر محمد زادہ کا شکریہ ادا کیا۔
اسماعیلی نے صحافیوں، فوٹوگرافروں اور میڈیا مینیجرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: ہم آپ کے تعاون سے ملک کے عوام کی عظمت اور قوم کی تاریخی شان و شوکت کی صحیح معنوں میں عکاسی کرتے ہوئے عالمی سطح پر ایک روشن مستقبل کے حامل ایران کی تصویر کشی کے لئے بھرپور جد و جہد کریں گے۔