[]
وجئے واڑہ: ایک دل دہلا دینے والے اشارہ کے بعد آندھرا پردیش پولیس نے سیلابی پانی میں پھنسے کتے کے پلوں کو اس وقت بچالیا جبکہ کتیا، مدد کیلئے مسلسل پولیس والوں کے پیچھے آنی لگی۔
یہ واقعہ ریاست کے ضلع این ٹی آر میں پیش آیا۔ اس ضلع کو حالیہ شدید بارش کے بعد سیلاب کا سامنا ہے۔ یہ پلے، ایک زیر آب مکان میں پانی میں پھنس گئے تھے جبکہ ان پلوں کی ماں کتیا، مدد کی متلاشی تھی۔
وجئے واڑہ سٹی پولیس کے جوان، زیر آب علاقوں میں عوام کو ریسکیو کرانے میں مصروف تھے، ان جوانوں نے دیکھا کہ ایک کتیا مسلسل ان کے پیچھے آرہی تھی اور وہ مسلسل رورہی تھی، پولیس جوان، اس کی وجہ جاننے کیلئے بے چین تھے۔
آخر پریشان کتیا، ان پولیس جوانوں کو ایک گھر کے قریب لے گئی یہ مکان سیلاب سے ڈوب چکا تھا۔ مکان کے قریب جانے کے بعد کتیا رونے لگی اور اس کے اشاروں کے بعد پولیس جوان مکان کے اندر گئے جہاں دو پلے موجود تھے۔
پولیس ٹیم نے ان پلوں کو وہاں سے بچالیا۔
آندھرا پردیش پولیس نے اتوار کے روز ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں پِلوں کو بچانے کی کوشش کو دکھا یا گیا۔
پولیس جوانوں نے ان پلوں کو صاف پانی سے نہلایا اور انہیں ان کی ماں کے قریب چھوڑدیا۔
اس ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کتیا اپنے اندازمیں پولیس جوانوں کا شکریہ ادا کررہی ہے۔ ڈی جی پی آندھرا پردیش کے وی راجندر ناتھ ریڈی نے جانوروں کے تئیں انسانیت کے اقدام کی ستائش کی۔