روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت مستقبل کی ٹکنالوجی ڈان اسکول میں طلبہ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ۔ امین جعفری اور صفی رحیم کا خطاب

[]

حیدر آباد۔ 14فروری (راست) ڈاؤن ہائی اسکول ملک پیٹ کا کیمپس منگل کو کسی انجینئرنگ کالج کا نظارہ پیش کررہا تھا۔ اسکول کے طلباء و طالبات نے سابق صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل امین الحسن جعفری اور دیگر مہمانوں کی موجودگی میں اپنی روبوٹک کی معلومات اور اپنے ماڈلس کا مظاہرہ پیش کیا جس سے حاضرین دنگ رہ گئے۔

 

جناب امین الحسن جعفری نے ڈاؤن اسکول کے طلباء و طالبات کی غیر معمولی صلاحیت کی ستائش کی۔ امریکہ سے سرگرم ایک تنظیم طاؤس فاؤنڈیشن کے تعاون سے ڈاؤن اسکول میں مختلف جماعتوں کے طلباء و طالبات کو روبوٹکس کی تعلیم دی جارہی ہے۔ یہ سلسلہ کئی ماہ سے جاری ہے۔ جناب امین الحسن جعفری نے خواہش ظاہر کی ہے کہ اسی طرح روبوٹکس جماعتوں کا اہتمام شہر کے دوسرے اقلیتی اسکولس میں بھی کیا جائے۔ اس موقع پر طاؤس فاؤنڈیشن کے روح رواں جناب صفی رحیم نے اپنے ادارہ کے مقاصد بیان کئے اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ حیدرآباد کے ایک پرانا شہر کے طلباء و طالبات روبوٹکس کے شعبہ میں کسی سے پیچھے نہ رہیں اور انہیں حصول علم کی یکساں مواقع حاصل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت مستقبل کی ٹکنالوجی ہے اور زندگی کے ہر شعبہ میں اس ٹکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے۔ آنے والے وقت میں اس کے استعمال میں مزید اضافہ ہوگا۔ جناب صفی رحیم نے روبوٹکس کی تعلیم دینے والے اساتذہ اور صدرنشین ڈاؤن گروپ آف انسٹی ٹیوشنس جناب فضل الرحمن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس موقع پر طلبہ سے کہا کہ انگریزی بات چیت میں مہارت حاصل کریں۔ شہر کے ایک مشہور تعلیمی ادارہ گیانم گروپ کے شریک بانی ڈاکٹر لقمان حسینی، مشہور انگریزی صحافی و مصنف ایم اے منان، ضیاء الاسلام اسکول کے سرپرست جمیل احمد قریشی، کیر اسکول کرما گوڑہ کے بانی وحید انصاری آئی آئی ٹی این ڈاکٹر یو سوشین، روبوٹکس ٹرینر فراز محی الدین، اسماء کوثر، سراج مس اور دوسروں نے شرکت کی۔

 

نویں جماعت کی طالبات حنان اور اقراء نے کارروائی چلائی۔ اس موقع پر متاثر کن مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں اسنادات تقسیم کئے گئے اور مہمانوں کو گلدستے پیش کئے گئے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *